Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مارگلہ میں تیندوے اور ہرن ایک گھاٹ سے پانی پیتے ہیں‘

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع مارگلہ کی پہاڑیوں پر جنگلی جانوروں کی تصاویر وقتا فوقتا سامنے آ کر عوامی دلچسپی کا موضوع بنتی رہتی ہیں۔ اس مرتبہ مارگلہ سے منسوب ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں ’تیندوے اور ہرن کو ایک ہی جگہ سے پانی پیتے‘ بتایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے والے آصف محمود نے دعوی کیا کہ ’مارگلہ میں تیندوے اور ہرن ایک گھاٹ سے پانی پیتے ہیں۔‘
پاکستان میں حکومت کی تبدیلی اور سابقہ و موجودہ حکمران اتحادوں کے ایک دوسرے سے متعلق بیانات کے دوران سامنے آنے والی تصاویر اور ان پر ہونے والی گفتگو کی توجہ جہاں اصل منظر پر رہی وہیں مبصرین کی پس منظر میں دلچسپی بھی دیدنی تھی۔
اپنی فیس بک پوسٹ میں آصف محمود نے تصاویر لیے جانے کی تاریخ کا ذکر نہیں کیا البتہ ان میں دکھائی دینے والے مناظر سے لگتا ہے کہ یہ موسم بہار یا اس کے بعد کی ہی تصاویر ہیں۔
تصاویر دیکھنے والے بہت سے افراد نے جہاں منظر کی خوبصورتی کو سراہتے دکھائی دیے وہیں کئی ایسے بھی تھے جو کیپشن کی ذومعنویت پر مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔

ہرن اور تیندوے پر تبصرہ کرنے والے ایک فرد نے لکھا کہ دونوں ایک ہی گھاٹ پر پانی پیتے ہیں لیکن الگ الگ وقت میں۔
سید سیف الدین نے ’اف، آج کے دن اس سے اچھی تصویر کہاں ملے گی‘ کا کیپشن سجایا تو ذبیح اللہ بلگن نے تبصرے میں لکھا کہ ’ہم قومی اسمبلی میں بھی ایسا ہوتے دیکھ رہے ہیں۔‘
فرحان نامی صارف نے اپنے تبصرے میں ’مارگلہ کے دامن میں گھاگ لوگوں‘ کی موجودگی سے خبردار کیا تو تیندوے اور ہرن کے ’تقسیم اوقات کا دھیان رکھنے‘ کا امکان بھی ظاہر کیا۔
ڈاکٹر عاصم اللہ بخش نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’سر میرا خیال ہے یہ ایک ہی جانور ہے۔ بس فرق یہ ہے کہ اقتدار میں ہے یا اپوزیشن میں!۔‘
تصاویر پر ہونے والی گفتگو کا مجموعی فوکس ’مارگلہ پر دکھائی دینے والے تیندوے اور ہرن‘ سے زیادہ اس کے دامن میں واقع اسلام آباد میں اقتدار کی غلام گردشوں میں جاری سرگرمیوں پر رہا۔
زبیر عباسی نے مستقبل کا نقشہ کھینچنے کی کوشش کی تو لکھا کہ ’انہوں نے بھی باریاں لگائی ہوئی ہیں۔ جس دن "اصلی ببر شیر" آ گیا تو یہ دونوں اتحادی پانی پیئں گے۔‘

شیئر: