Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے پلیٹ فارم پر اب تک کیا حاصل کیا؟

ایلون مسک کو دنیا کا مالدار ترین آدمی شمار کیا جاتا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
دنیا کے امیرترین آدمی ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے لیے بولی دینے سے لے کر اس کا مالک بننے کے دوران سوشل میڈیا صارفین مختلف اپ ڈیٹس سے آگاہ ہوئے تاہم کم ہی لوگ اس بات سے واقف ہو سکے کہ اس دوران ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ساتھ کیا ہوا۔
اردو نیوز نے ایلن مسک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا چار اپریل 200 سے 26 اپریل 200 تک کا ڈیٹا حاصل کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے کسے فالو کیا؟ انہیں کتنے لوگوں نے فالو کیا، کتنی مرتبہ مینشن کیا گیا، ری ٹویٹس اور لائکس کتنے ملے اور انہیں کتنی لسٹوں میں شامل کیا گیا۔
ایلون مسک نے پیر 25 اپریل کو 44 ارب ڈالر (81 کھرب 40 ارب پاکستانی روپے) کے بدلے ٹوئٹر کے مالکانہ حقوق حاصل کیے ہیں۔ اس اقدام کے بعد وہ سوشل میڈیا کے سب سے زیادہ موثر پلیٹ فارم کو اپنے اعلان کے مطابق ’فری سپیچ‘ کے لیے ’ڈیجیٹل ٹاؤن سکوائر‘ بنانے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ ٹوئٹر کے الگورتھم کو اوپن سورس بنا کر جہاں اس پر اعتماد میں اضافہ کریں گے، سپیم بوٹس کو شکست دیں گے، اور انسانوں کی تصدیق کریں گے وہیں نئے فیچرز کے ساتھ اسے ایک بہتر پروڈکٹ میں بدلیں گے۔
ٹوئٹر کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت اب ادارہ ایک پرائیویٹ کمپنی بن جائے گا اور رواں برس مکمل ہونے والی متوقع ڈیل کے بدلے شیئر ہولڈرز کو ایک حصص کے بدلے 54.20 ڈالر ملیں گے۔

ایلون مسک کے ذاتی اکاؤنٹ پر کیا ہوا؟

ٹوئٹر پر ایلون مسک کے ذاتی اکاؤنٹ سے چار اپریل سے 26 اپریل کے دوران 219 ٹویٹس کی گئیں۔ ان میں 192 اوریجنل ٹویٹس جب کہ 23 ری ٹویٹس تھیں۔ اس دوران ان کی ٹویٹس کو 1965603ری ٹویٹس اور 22383404 لائکس ملیں۔
اس عرصے کے دوران ایلون مسک کو 30 لاکھ سے زائد نئے فالوورز ملے۔
ایلون مسک کے اکاؤنٹ کا ڈیٹا 26 اپریل کو صبح کے اوقات میں حاصل کیا تو ان کے کل فالوورز کی تعداد 83.8 ملین تھی تاہم شام میں اس رپورٹ کو تحریر کرتے وقت ان کے کل فالوورز کی تعداد 85.2 ملین سے زائد ہو چکی ہے۔

ٹوئٹر کے نئے مالک کو اس عرصہ کے دوران 3945770 مرتبہ مینشن کیا گیا۔
گزشتہ سات روز کے دوران ایلون مسک کے اکاؤنٹ سے 114 ٹویٹس کی گئیں۔ ان میں نو ٹیکسٹ ٹویٹس، 95 ریپلائز، چار ری ٹویٹس اور 13 مرتبہ لنکس یا تصاویر ٹویٹ ہوئیں۔

حالیہ سرگرمی دیکھ کر بظاہر یوں محسوس ہوتا ہیکہ شاید ایلون مسک ٹوئٹر کا سب سے بڑا اکاؤنٹ بن چکے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
سابق امریکی صدر باراک اوباما اس وقت ٹوئٹر پر 131.7 ملین فالوورز کے ساتھ سب سے بڑا اکاؤنٹ رکھتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ ٹوئٹر کے دیگر ٹاپ اکاؤنٹس کی نسبت پلیٹ فارم پر قدرے فعال رہتے ہیں۔

ٹوئٹر کے بڑے اکاؤنٹس میں 114.3 ملین فالوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود جسٹن بیبر نے رواں برس صرف ایک ٹویٹ کی ہے جب کہ 90.3 ملین فالوورز کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ٹیلر سوئفٹ نے گزشتہ تین ماہ میں کچھ بھی پوسٹ نہیں کیا ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدے جانے کے بعد سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا کہ ادارے کی موجودہ ٹیم نے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا تاہم اس کے شریک بانی جیک ڈورسس کے خیالات قدرے مختلف ہیں۔
گزشتہ برس تک ٹوئٹر کے سی ای او رہنے والے جیک ڈورسے کے مطابق ’ٹوئٹر کے کمپنی ہونے کے مسئلہ کا ایلون ایسا اکلوتا حل ہیں جس پر میں اعتماد کرتا ہوں۔‘
ڈورسے کے مطابق ٹوئٹر ایک پبلک کمپنی کے طور پر ٹھیک تھا لیکن اسے وال سٹریٹ کے پنجوں سے چھڑانا درست ابتدائی قدم ہے۔

شیئر: