’اے این پی کی سرکاری عمرے پر جانے سے معذرت‘
منگل 26 اپریل 2022 21:20
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
امیر حیدر ہوتی نے عمرہ کے لیے جانے والے وفد میں شرکت سے معذرت کی ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان میں اتحادی وفاقی حکومت کا حصہ عوامی نیشنل پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ’سرکاری عمرے پر جانے‘ سے معذرت کر لی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر امیر حیدر خان ہوتی نے منگل کو ایک ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ان کی جماعت نے ’وزیراعظم کے ساتھ سرکاری عمرے پر جانے سے معذرت کرلی ہے۔ وزیراعظم کے مشکور ہیں کہ انہوں نے عمرہ کی ادائیگی کی دعوت دی۔ وزیراعظم کی جانب سے قومی یکجہتی کے طور پر دورہ سعودی عرب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سرکاری سطح پر عمرہ کی ادائیگی ہماری روایات نہیں۔‘
ایک الگ ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’دینی فریضے کی ادائیگی انفرادی عمل ہے، پہلے بھی ادا کیے ہیں اور ادا کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کے مشکور ہیں لیکن سرکاری طور پر عمرہ کی ادائیگی کے لیے نہیں جائیں گے، امید ہے نئی حکومت اسی طرح قومی یکجہتی کو برقرار رکھتے ہوئے تمام سیاسی لیڈرشپ کو اعتماد میں لے گی۔‘
اے این پی رہنما کی جانب سے وزیراعظم کے دورے سے متعلق حالیہ گفتگو سے قبل تحریک انصاف بھی ’سرکاری اخراجات پر دورے‘ کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے، تاہم وفاقی وزیراطلاعات مریم نواز نے اسے ’فیک نیوز‘ قرار دیا تھا۔
پیر کے روز دیے گئے ردعمل میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کے پھیلائے گئے جھوٹ سے قطع نظر، وزیراعظم رواں ہفتے سعودی عرب کمرشل فلائٹ پر اور اپنے اخراجات پر جائیں گے۔ وہ 2008 سے 2018 تک اپنی وزارت اعلی کے دس برسوں میں بھی کمرشل پروازوں پر اور اپنے اخراجات پر سفر کرتے رہے ہیں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف اپنی اتحادی جماعتوں کے متعدد رہنماؤں اور اہل خانہ کے ہمراہ 28 اپریل کو سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر جا رہے ہیں، اس دوران وہ خود اور ان کا وفد عمرہ بھی ادا کرے گا۔