شاہ سلمان مرکز کی جانب سے یمن، افغانستان اور سری لنکا میں فوڈ باسکٹس تقسیم
جمعرات 28 اپریل 2022 16:38
مجموعی طور پر 19 ممالک میں نو لاکھ سے زائد افراد رمضان پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی مرکز نے یمن کی المحرہ گورنریٹ میں 46 ٹن سے زائد فوڈ باسکٹس ضرورت مندوں میں تقسیم کی ہیں۔ جس سے دو ہزار چھ سو 10 سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی ایک ہزار ایک سو 40 فوڈ باسکٹس دی گئیں جو کہ 18 ہزار چھ سو ضرورت مندوں کو سامان کی فراہمی کے منصوبے کا حصہ ہے، جس سے ایک لاکھ 11 ہزار چھ سو افراد مستفید ہوں گے۔
اسی طرح مجموعی طور پر 19 ممالک میں نو لاکھ سے زائد افراد سعودی عرب کے رمضان پروگرام سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پروگرام کے تحت ایک لاکھ 56 ہزار نو سو 93 کھانے کے پارسلز تقسیم کیے جا رہے ہیں جن کا مجموعی وزن آٹھ ہزار چار سو 30 ٹن ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے حال ہی میں ریاض میں واقع ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو کہ زکوٰۃ الفطر کے منصوبوں پر مشتمل ہے۔ اس سے 26 ہزار نو سو 50 خاندان مستفید ہوں گے جبکہ یمن میں ایکلاکھ 88 ہزار چھ سو 50 افراد کو انفرادی طور پر فائدہ ہو گا۔
یہ مملکت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو کہ جنگ زدہ ملک میں غذائی تحفظ کے ضمن میں کی جا رہی ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی وزرات برائے اسلامی امور دعوت و رہنمائی سری لنکا میں شاہ سلمان پروگرام برائے افطار بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جس کی نگرانی کولمبو میں سعودی سفارت خانے کے انچارج عبد اللہ آرکوبی کرر ہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سرکاری اداروں کے ساتھ رجسٹرڈ سرکاری خیراتی اداروں کے تعاون سے دو ہزار آٹھ سو افراد میں تین سو کھانے کے سامان کی ٹوکریاں تقسیم کی گئی ہیں۔