عید الفطر سے قبل صالونز کی نگرانی میں اضافہ
بلدیہ کی ٹیموں نے 130 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر
سعودی عرب میں ہر سطح پر عید الفطر کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے بیشتر شہروں میں باربر شاپس پر رش بڑھ گیا ہے۔ عید الفطر سے قبل مقامی شہری اور مقیم غیرملکی شیو، ہیئر کلر، اور بال تراشوانے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری میونسپلٹی انجینیئر محمد باحارث نے کہا کہ میونسپلٹی کی طرف سے باربر شاپس پر تفتیشی چھاپے بڑھا دیے گئے ہیں تاکہ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو باربر شاپس پر کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہاں مقررہ قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔
میونسپلٹی میں پرمٹ سیکنشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشیر ابو نجم نے کہا کہ میونسپلٹی کے سپیشلسٹ انسپکٹرز کی ٹیمیں حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی میں دلچسپی لے رہی ہیں۔
مکہ مکرمہ کے مختلف محلوں میں موجود باربر شاپس کی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ وہ صحت ضوابط پر عمل کریں۔
دوسری جانب سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف میونسپلٹی اپنے یہاں 1500 باربر شاپس اور پارلرز کی نگرانی کے لیے فیلڈ ٹیمیں تعینات کی ہوئی ہیں۔ 130 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ تفتیشی مہم کا سلسلہ چاند رات تک جاری رہے گا۔