Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں سیلاب سے تباہی، امدادی سامان کا پاکستانی طیارہ کابل روانہ

پاکستان نے شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے افغانستان کے 12 صوبوں کے لیے ضروری ہنگامی امدادی سامان کے ساتھ سی ون تھرٹی طیارہ کابل بھیج دیا ہے۔
افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق رواں ہفتے ملک میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں کم سے کم 22 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔
بارش اور سیلاب سے ملک کے مغربی صوبے بادغیس اور فاریاب اور شمالی صوبہ بغلان زیادہ متاثر ہوئے۔
کابل میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ’پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سنیچر کو پاکستان نے آج پہلا سی ون تھرٹی طیارہ افغانستان روانہ کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’امدادی سامان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خیموں، اشیائے خورونوش اور ادویات شامل تھیں۔‘
پاکستانی سفیر نے مزید بتایا کہ ’آنے والے دنوں میں مزید امدادی سامان لے کر ایک اور طیارہ افغانستان روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔‘
واضح رہے کہ جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے پڑوسی ملک کے لیے امداد کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان مشکل وقت میں افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو ضرورت کی اس گھڑی میں افغان عوام کو نہیں بھولنا چاہیے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے پشتو میں ایک علیحدہ ٹویٹ بھی کی۔
یاد رہے کہ افغانستان پہلے ہی ایک انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے اور طالبان حکومت اس سے نکلنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جس سے ملک کے ایک تہائی سے زیادہ صوبے متاثر ہوئے ہیں۔
افغانستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ ’وہ اس بحران سے نکلنے کے لیے بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے رابطہ کرے گی۔‘

شیئر: