سعودی عرب میں 60 لاکھ سے زیادہ طلبہ کی عید الفطر کی 14 چھٹیوں کے بعد واپسی
سکول اور یونیورسٹیاں 30 جون کو گرمیوں کی تعطیلات کے لیے بند ہوں گی( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں 60 لاکھ سے زائد طلبہ عید الفطر کی 14 چھٹیوں کے بعد اپنے تیسرے اور آخری تعلیمی سمسٹر کو جاری رکھنے کے لیے کلاس رومز میں واپس آئے ہیں۔
تعلیمی کیلنڈرکے مطابق سعودی سکول اور یونیورسٹیاں 30 جون کو گرمیوں کی تعطیلات کے لیے بند ہوں گی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے گزشتہ سال معمول کے دو سمسٹر کی بجائے تین سمسٹر کی تعلیمی سکیم کی منظوری دی تھی۔
سعودی وزیر تعلیم حمد آل شیخ نے اس بات کا اعلان گزشتہ مئی میں کیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کورونا ویکسین کی تعداد بڑھانےاور کوویڈ 19 کی پابندیوں میں نرمی کے بعد طلبہ ذاتی طور پر سیکھنے کی طرف لوٹ جائیں گے۔
سعودی وزیر تعلیم حمد آل شیخ نے ایک پریس کانفرنس میں وضاحت کی کہ ہر سمسٹر 13 ہفتوں پر مشتمل ہو گا اور ہر سمسٹر کے بعد سات دن کا وقفہ ہو گا۔
جدہ کے محکمہ تعلیم نے تمام سکولوں اور کنڈر گارٹن کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں ان سے گرمیوں کے اوقات میں شفٹ ہونے کو کہا گیا ہے۔ طلبہ صبح 7 بجے لائن اپ کے لیے جمع ہوں گے اور پہلی کلاس صبح 7:15 بجے شروع ہو گی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش کی بنیاد پر شاہ سلمان نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ سکولوں میں عید الفطرکی چھٹیاں اصل منصوبہ بندی سے چار دن پہلے شروع ہوں گی۔ نظر ثانی شدہ تاریخ کا اطلاق تمام سکولوں اور یونیورسٹی کے طلبہ پر ہوتا ہے۔
سعودی عرب میں گذشتہ 15 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ طلبہ اور ان کے والدین کی طرف سے طلبہ اور اساتذہ کے فائدے کے لیے رمضان کے دوران سکولوں کو بند کرنے کی متعدد کالوں کے باوجود رمضان کے دوران مملکت کے سکول کھلے تھے۔
سعودی عرب میں 29 سرکاری یونیورسٹیوں، 14 نجی یونیورسٹیوں، متعددخصوصی کالجوں اور اداروں کے علاوہ 33 ہزار 500 سے زیادہ سکول ہیں۔