Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتحادی افواج یمن میں حوثیوں کو لبنانی حزب اللہ بننے نہیں دیگی ، جنرل عسیری

دبئی - - - - -  سعودی وزیر دفاع کے مشیر بریگیڈئیرجنرل احمد عسیری نے کہا ہے کہ عرب اتحادی افواج یمن میں حوثی باغیوں کو لبنانی حزب اللہ بننے نہیں دے گی۔ العربیہ نیٹ کے مطابق پیرس میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے عسیری نے مزید کہا کہ عرب اتحادی افواج نے یمن میں باغیوں کی سرکوبی کیلئے جاری کارروائیاں انتہائی محتاط انداز میں کی جاتی ہیں تاکہ یمنی شہریوں کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے ۔ اتحادی فوج کی تشکیل کے روز اول سے ہی2 اہداف مقرر کئے تھے جن میں پہلا ہدف حوثی باغیوں کے خلاف جامع عسکری کارروائیاں کرتے ہوئے انکے اثر کو زائل کرنا اور دوم مناسب عسکری اداروں کا قیام شامل تھا ۔ حوثی باغی خود کو لبنانی ملیشاء حزب اللہ بنانا چاہتے ہیں جواتحادی افواج کسی طرح نہیں ہونے دے گی ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ یمن میں جاری کارروائیوں میں کسی قسم کی جلد بازی نقصان دہ ہو سکتی ہے جبکہ باغیوں کو گھیرنے کی پالیسی کے بہتر نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے ۔ جنرل عسیر ی نے مزید کہا کہ یمن کی حکومت کو کافی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور سیاسی قائدین عدن میں پہنچ چکے ہیں ۔ اتحادی افواج یمنی فوج سے بھر پور تعاون جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ القاعدہ کے خلاف بھی منظم کارروائی کرتے ہوئے انہیں شکست دی جاسکے ۔ انہو ں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عرب اتحاد کی کوشش ہے کہ خطے میں ایسا سیاسی حل تلاش کیا جائے جو ہر کسی کو قابل قبول ہو ۔ یمن کے مسئلہ کا حل بین الاقوامی قراردادوں پر مکمل طور پر عمل کرنے میں ہے جس میں یمنیوں کی رضا شامل ہے ۔ یمنی حکومت کے حوالے سے جنرل عسیری کا کہنا تھا کہ یمن کی حکومت نوجوانوں کو امن منصوبوں کی تربیت دیتے ہوئے دہشتگردوں سے نمٹنے کے لئے تیار کر رہی ہے تاکہ یمنی شہریوں کو دہشتگردی کی کاررو ائیوں سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ یمن میں بین الاقوامی تنظیموں کے حوالے سے سوال پر جنرل عسیری کا کہنا تھا کہ الائنس نے اب تک 6 ہزار بین الاقوامی این جی اووز کو یمن میں کام کرنے کے اجازت نامے جاری کئے ہیں ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ حدیدہ کی بندرگاہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ اتحادی افواج کا بنیادی مقصد یمن میں جاری تباہ کاریوں کا جلد ازجلد خاتمہ کرکے وہاں امن قائم کرنا ہے ۔

شیئر: