شہزادہ فیصل بن فرحان کی تھائی ہم منصب سے ملاقات، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
شہزادہ فیصل بن فرحان کی تھائی ہم منصب سے ملاقات، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
پیر 16 مئی 2022 18:44
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دفتر خارجہ ریاض میں ملاقات کی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب اور تھائی لینڈ نے سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ موجود تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پیر کو وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ریاض میں سعودی تھائی سرمایہ کاری فورم میں شرکت کے موقع پر ملاقات کی ہے۔
سعودی تھائی سرمایہ کاری فورم کے افتتاحی اجلاس میں شہزادہ فیصل بن فرحان، تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح شریک ہوئے۔
اس موقع پر صنعت و سیاحت کے شعبوں اور سعودی وژن 2030 سے متعلق بڑے منصوبوں میں شراکت بڑھانے کے موضوع پر مباحثہ ہوا۔
علاوہ ازیں مملکت اور تھائی لینڈ کے درمیان سرمایہ کاری کے حوالے سے تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ اور تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم دونوں دوست ملکوں کے سرمایہ کاروں سے بھی ملے۔ فریقین تعاون اور شراکت کے نئے امکانات دریافت کررہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع سے متعلق معلومات حاصل کررہے ہیں۔
اس سے قبل دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دفتر خارجہ ریاض میں ملاقات کی۔
دونوں دوست ملکوں کے تعلقات، انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے اور مختلف شعبوں میں عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری خارجہ سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی بھی موجود تھے۔