Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت: تنخواہیں اور مالی حقوق ادا نہ کرنیوالی7کمپنیوں کیخلاف کارروائی

جدہ - - - - - جدہ میں وزارت محنت و سماجی فروغ کی برانچ نے کارکنوں کی تنخواہ اور مالی حقوق ادا نہ کرنے پر 70کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وزارت سے وابستہ تمام خدمات روک دیں ۔ وزارت نے خلاف ورزی کرنیوالی کمپنیوں کے مالکان کو پابند کیا ہے کہ کارکنوں کی 6ماہ تنخواہ کے علاوہ تمام مالی حقوق ادا کئے جائیں ۔ علاوہ ازیں 67سعودی شہریوں کی ملازمتیں بحال کی جائیں جنہیں بغیر کسی وجہ کے برطرف کر دیا گیا تھا۔ان سعودی شہریوں نے خلاف قانون برطرفی پر وزارت محنت سے شکایت کی تھی ۔ برطرف کئے جانیوالے شہریوں کے وکیل عبداللطیف السالم نے بتایا کہ جدہ اور الخبر کی بعض مقامی کمپنیوں نے وزارت محنت کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 67شہریوں کو برطرف کر دیا تھا۔ ان کمپنیوں نے سعودائزیشن کی شرح مکمل نہیں کی اور غیر ملکی کارکنوں کی بھرتیاں کر رہی تھیں ۔ سعودی کارکنوں نے کمپنیوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سعودی شہریوں کی برطرفی کے علاوہ مذکورہ کمپنیوں نے غیر ملکی کارکنوں کی تنخواہیں بھی روک رکھی تھیں ۔ دوسری طرف مشرقی ریجن میں وزارت محنت کی برانچ نے 276غیر ملکی کارکنوں کی تنخواہیں دلوا دیں ۔ غیر ملکی کارکنوں نے تنخواہ نہ ملنے پر مکتب العمل سے رجوع کیا تھا۔اس پر مکتب العمل نے ٹیم تشکیل دی جس میں خلاف ورزی کرنیوالی کمپنیوں کے متعدد دورے کر کے روکی جانیوالی تنخواہیں بحال کر دیں ۔ وزارت نے کمپنی کو پابند کیا کہ متاثر ہونیوالے کارکنوں کو کمپنی کے ہیڈ آفس جدہ منتقل کیا جائے ۔ جدہ کے ہیڈ آفس سے مالی حقوق ملنے کے بعد انہیں باعزت طریقے سے ان کے وطن واپس بھیجا جائے ۔ اسی طرح الخبر میں تنخواہ نہ ملنے پر وزارت محنت نے ایک کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہے ۔

شیئر: