’نمبر بدل گیا ہے اس لیے عمران خان خط لے کر سپریم کورٹ چلے گئے‘
مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان کا دوسرا مارچ بھی بری طرح ناکام ہوگیا ہے‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’عمران خان کا دوسرا مارچ بھی بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔‘
سنیچر کو بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آج نمبر بدل گیا ہے تو لانگ مارچ ناکام ہونے پر یہ کسی اور کو آوازیں نہیں دے رہا تھا بلکہ خط لے کر سپریم کورٹ میں چلا گیا ہے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’کیا اب عدالتوں کا کام یہ رہ گیا ہے کہ جہاں عمران خان ناکام ہوگیا ہے وہاں عدالتیں اس کی مدد کو آئیں۔‘
’عمران خان اپنے بچوں کو کہیں کہ برٹش پاسپورٹ پھاڑ کر تاج برطانیہ کا طوق اتار کر پاکستان لائیں اور لانگ مارچ کی قیادت کریں۔
’انہوں ںے 25 لاکھ بندے لانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن پورے پاکستان سے 25 ہزار بندے بھی نہیں نکلے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’انقلاب والے پولیس کے ڈنڈوں کے ڈر سے گھروں میں نہیں بیٹھ جاتے۔‘
’لوگوں کو ڈنڈے کھانے کے لیے چھوڑ دیا جب کہ خود ہیلی کاپٹر سے لٹکتے رہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’عمران خان جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کی تیاری نہیں تھی، جبکہ انہوں نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے وسائل استعمال کیے۔’
’عمران خان تحریک عدم اعتماد پر آصف زرداری کی منتیں کررہے تھے، اور جب لانگ مارچ ناکام ہونے لگا تو نواز شریف کی منتیں کرنے لگے۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘نواز شریف نے جواب دیا کہ نہ ہم جتھوں کے دباؤ میں آئیں گے نہ ہی الیکشنز کی تاریخ دیں گے۔‘