عرب سنیپ چیٹ سٹار کے خلاف قانونی کارروائی، 4 لاکھ ریال جرمانہ
مملکت میں اشتہارات اور تجارت کے ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی جنرل کمیشن فارآڈیو ویژول میڈیا نے مملکت میں رائج قوانین کی خلاف ورزی پر سیاحتی ویزے پر آئی ہوئی ایک عرب ملک کی سنیپ چیٹ سٹار کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مملکت میں اشتہارات اور تجارت کے ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں 4 لاکھ ریال جرمانہ کیا گیا ہے۔ عرب سوشل میڈیا سٹار نے اجازت نامے کے بغیر مملکت میں کمرشل اشتہارکیا تھا۔
جنرل کمیشن فار آڈیوویژول میڈیا نے اس ادارے کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جس کے لیے عرب سوشل سٹار نے کام کیا۔ ادارے کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی ہے۔
جنرل کمیشن فار آڈیوویژول میڈیا نے بیان میں کہا کہ ’سیاحتی ویزے پر مملکت آنے والی سوشل میڈیا عرب سٹار متعدد خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا۔ آن لائن کاروبار کے قانون، سمعی و بصری ابلاغ کےقانون اور انسداد سگریٹ نوشی کے قانون کی خلاف ورزیاں کی ہیں‘۔
عرب خاتون نے سوشل میڈیا کے اپنے اکاؤنٹ سے اشتہاری مواد جس میں تمباکو مصنوعات شامل ہیں کی تشہیر کی جبکہ سعودی قانون کے بموجب اس کی اجازت نہیں ہے۔
سوشل میڈیا سٹار اور تجارتی ادارے کا کیس آن لائن کاروبار قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کرنے والی کمیٹی کے حوالے کیا گیا ہے۔
جنرل کمیشن فار آڈیوویژول میڈیا اور وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’مملکت میں رائج قوانین کی پابندی یہاں موجود تمام افراد وہ سعودی، مقیم غیر ملکی یا سیاحتی ویزے پر آئے ہوں سب پر لازم ہے‘۔