Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین حکام کی افغانستان میں طالبان کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات

امدادی سامان میں 50 ہزار میٹرک ٹن گندم بھی شامل ہے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈیا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ انڈین حکام نے جمعرات کو انسانی امداد کی تقسیم کے لیے پہلی بار طالبان سے افغانستان میں ملاقات کی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انڈیا کے طالبان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں لیکن اس کے سفیر طالبان کے نمائندوں سے دوحہ میں ملاقات کرتے رہے ہیں۔
انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی کے مطابق انڈین حکام کا افغانستان کے دارالحکومت کابل کا دورہ بنیادی طور پر امداد کی فراہمی کی نگرانی کرنا تھا۔
انڈیا نے کہا ہے کہ وہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرنے میں اقوام متحدہ کی پیروی کرے گا۔
افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کابل میں انڈین وفد کا استقبال کیا اور اسے ’دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی ایک اچھی شروعات‘ قرار دیا۔

انڈیا کی بنی ویکسین ایران میں افغان پناہ گزینوں کو بھی تحفے میں دی گئی ہے (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)

افغان وزیر خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور امداد پر توجہ رہی۔
انڈین وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے سیکریٹری جے پی سنگھ کر رہے تھے۔
عبدالقہار بلخی کے مطابق مولوی امیر خان متقی نے افغانستان کے لیے انڈیا کی انسانی اور طبی امداد پر شکریہ ادا کیا اور انڈیا کی جانب سے پروجیکٹوں کو دوبارہ شروع کرنے، افغانستان میں اس کی سفارتی موجودگی اور افغانوں کو قونصلر خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔
افغان ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انڈین حکام نے کہا کہ وہ ماضی کی طرح افغانستان کے ساتھ مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے انڈیا کی جانب سے بڑے پیمانے پر کھانے پینے کا سامان اور ادویات افغانستان بھجوائی گئی ہیں۔
افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امدادی سامان کی ضروریات کے تحت انڈیا نے افغانستان کے عوام کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔
وفد میں شامل ارکان کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی بڑی کھیپیں بھجوائی گئی ہیں جن میں 20 ہزار میٹرک ٹن گندم،13 ٹن ادویات، پانچ لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں اور موسم سرما کے کپڑے شامل ہیں۔

انڈین وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مزید امدادی سامان بھی افغانستان بھجوایا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

انڈین وزارت خارجہ کے مطابق یہ سامان گاندھی چلڈرن ہسپتال، کابل اور اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسیز کو دیا گیا جن میں عالمی ادارہ صحت اور ورلڈ فوڈ پروگرام بھی شامل ہیں۔ اسی طرح انڈیا کی جانب سے مزید خوراک کا سامان اور ادویات بھجوانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انڈیا کی بنی کورونا ویکسین ایران میں موجود افغان پناہ گزینوں کو بھی تحفے میں دی گئی ہے۔ اسی طرح یونیسف کو پولیو سے بچاؤ کی چھ کروڑ خوراکیں اور دو ٹن ضروری ادویات بھی بھجوائی جا رہی ہیں۔

شیئر: