Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روٹ ٹو مکہ، اسلام آباد ایئرپورٹ پر اجلاس میں وزیر مذہبی امور اور سعودی سفیر کی شرکت

پاکستان سے حجاج کو لے کر جانے والی پہلی پرواز چھ جون کو شیڈول ہے۔ فوٹو: سول ایوی ایشن
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حج 2022 کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں پاکستان کے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے حاجیوں کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ 
جمعے کو سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کیے بیان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیر مذہبی امور، سعودی سفیر، سیکریٹری مذہبی امور، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ امور، ایڈیشنل سیکریٹری امیگریشن اور دیگر سرکاری حکام کی شرکت کی۔
اجلاس میں روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے حجاج کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے وزیر مذہبی امور اور سعودی سفیر نے اظہار خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے حج کرایوں میں کمی کی ہے۔ وزیر مذہبی امور اور سعودی سفیر نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیے گئے انتظامات کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے مکہ جانے والے حجاج کی تعداد 14,007 ہے۔
ان حجاج کو لے کر جانے والی پروازوں کی کُل تعداد 42 ہوگی جن میں پی آئی اے کی 18 پروازیں، سعودی ایئر لائن کی بھی 18 پروازیں، ایئر بلیو کی 4 پروازیں اور سیرین ایئر کی 2 پروازیں ہوں گی۔
خیال رہے کہ پاکستان سے حجاج کو لے کر جانے والی پہلی پرواز چھ جون کو شیڈول ہے۔

شیئر: