ایران میں جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ جان بچانے میں کامیاب
گرمین ایف 14 ٹامکیٹ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گرا جس کے دونوں پائلٹس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران میں جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تاہم دونوں پائلٹس جان بچانے میں کامیاب رہے۔
سنیچر کو ایرانی میڈیا نے بتایا کہ ملک کے وسطی شہر اصفہان کے قریب ایک فائٹر جیٹ انجن کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔
سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق گرمین ایف 14 ٹامکیٹ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گرا جس کے دونوں پائلٹس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں صحرائی علاقے میں جہاز کے ملبے سے دھواں اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایران کی فضائیہ کے پاس امریکہ کے بنائے گئے طیارے ہیں جو سنہ 1979 کے انقلاب سے پہلے خریدے گئے تھے۔ ٹامکیٹ ایف 14 بھی امریکی ساختہ طیارہ ہے۔
ایرانی فضائیہ روسی ساختہ مِگ اور سخوئی طیارے بھی استعمال کرتی ہے۔
دہائیوں سے عائد بین الاقوامی پابندیوں کے باعث ایرانی فضائیہ ان طیاروں کے سپیئر پارٹس نہیں خرید سکی اور پرانے طیاروں کو فعال رکھنا ممکن نہیں رہا۔
ان حالات میں پرانے طیاروں کو اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
گذشتہ ماہ بھی ایران میں ایک لڑاکا طیارہ وسطی شہر اصفہان کے قریب صحرا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔
رواں سال فروری میں بھی ایک ایرانی لڑاکا طیارہ تبریز شہر کے فٹ بال گراؤنڈ میں گر گیا تھا جس میں دونوں پائلٹس اور زمین پر ایک عام شہری ہلاک ہوگیا۔