Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قمیض تیڈی کالی‘، عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے گانے کی واپسی

فلم ’چوہدری‘ 24 جون کو ریلیز ہوگی۔ (تصویر: یوٹیوب، سکرین شاٹ)
پاکستانی گلوکار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کا نام جہاں بھی لیا جاتا ہے وہاں سب سے پہلے لوگوں کو ان کا گانا ’قمیض تیڈی کالی‘ یاد آتا ہے۔
یہ گانا نہ صرف عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے مختلف دھنوں کے ساتھ گایا ہے بلکہ دیگر گلوکار بھی اس کے مقبولیت سے متاثر ہوکر اسے مختلف ادوار میں گاتے آئے ہیں۔
دہائیوں پرانا گانا ’قمیض تیڈی کالی‘ ایک بار پھر نئی دھن کے ساتھ عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے گایا ہے اور یہ گانا اگلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’چوہدری‘ کا حصہ ہوگا۔
ہم فلمز کی جانب سے شیئر کیے جانے والی ویڈیو میں عطااللہ عیسیٰ خیلوی کو خود اپنا گانا گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے 24 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’چوہدری‘ کراچی میں ایک بم دھماکے میں مارے جانے والے پولیس افسر چوہردی اسلم پر بنائی گئی ہے۔
چوہدری اسلم کا شمار کراچی پولیس کے مقبول ترین افسروں میں ہوتا تھا اور سنہ 2014 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے ایک بم دھماکے میں مارے گئے تھے۔
فلم چوہدری میں ان کا کردار طارق اسلام نبھا رہے ہیں جو کہ خود بھی سابق پولیس افسر ہیں اور ماضی میں چوہدری اسلم کے ساتھ کام بھی کرچکے ہیں۔
اس فلم میں کام کرنے والے دیگر فنکاروں میں شعمون عباسی، ثنا فخر، یاسر حسین، سلیم معراج، عدنان ٹیپو اور نوال سعید شامل ہیں جبکہ فلم کو عظیم سجاد نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
’چودھری‘ فلم 24 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: