لاپتا سماجی کارکن ارسلان گھر پہنچ گئے ’تنبیہہ کر کے رہا کیا گیا‘
ارسلان خان کی اہلیہ نے حکام سے ان کی بازیابی کے لیے مطالبہ کیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
کراچی سے لاپتا ہونے والے سماجی کارکن ارسلان خان اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ رینجرز کا کہنا ہے کہ ’ان کو تنبیہہ کے بعد رہا کیا گیا ہے۔‘
جمعے کو لاپتا ہونے کے بعد ارسلان خان کی اہلیہ عائشہ ارسلان نے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
سنیچر کی صبح ارسلان خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’میں خیریت سے واپس گھر پہنچ گیا ہوں۔ میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے آزمائش کی گھڑی میں میری فیملی کا ساتھ دیا۔ میرے پاس الفاظ نہیں، میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں۔‘
سنیچر کی صبح کی سندھ رینجرز کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ’رینجرز نے 24 جون کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کلفٹن کے علاقے سے ملزم محمد عامر ارلان خان عرف اے کے فورٹی سیون کو ایک دہشت گرد گروپ کے ساتھ روابط کی بنا پر گرفتار کیا تھا۔
پریس ریلیز کے مطابق ’ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے مذکورہ دہشت گروپ سے مالی معاونت لینے اور روابط کا انکشاف ہوا ہے۔‘
’واضح وائٹ کالر کرائم کی بنا پر مکمل تحقیقات کی غرض سے کیس متعلقہ اتھارٹی کے سپرد کیا جا رہا ہ۔
پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’ملزم کو مستقبل میں ہونے والی تفتیش میں تعاون کرنے کی تنبیہہ کر کے رہا کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ارسلان خان کی اہلیہ عائشہ ارسلان نے جمعے کو بتایا تھا کہ 14 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی ان کے شوہر کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
جمعے کو ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ وہ معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ردعمل کا سلسلہ شروع ہوا اور ٹوئٹر پر ان کی رہائی کے حوالے سے ٹرینڈ بھی چلتا رہا۔