مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے انتظامات مکمل
سار کمپنی کو مشاعر ٹرین چلانے کی ذمہ داری 2019 میں دی گئی تھی(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی ریلوے لائن کمپنی ’سار‘ نے کہا ہے کہ حج 1443ھ کے لیے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمدورفت کے لیے ٹرین انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
کل بروز جمعرات 8 ذی الحجہ سے حج شروع ہورہا ہے۔ منیٰ سے حاجیوں کو مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے میدان عرفات پہنچایا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سار نے بتایا کہ گذشتہ مہینوں کے دوران منی، مزدلفہ اورعرفات میں مشاعر مقدسہ ٹرینوں اور سٹیشنوں کی اصلاح و مرمت کا کام انجام دیا گیا۔
تجرباتی طور پر ٹرین منیٰ سے مزدلفہ اور عرفات اور وہاں سے منیٰ کا سفر کیا گیا۔ ان مقامات پر ٹرین کے 9 سٹیشن ہیں۔ تین عرفات، تین مزدلفہ اور تین منیٰ میں ہیں۔ آخری سٹیشن جمعرات پل کی چوتھی منزل پر ہے۔
سعودی ریلوے ’سار‘ کا کہنا ہے کہ مشاعر مقدسہ ٹرین کا تجرباتی عمل 60 روز تک جاری رکھا گیا۔ اس موقع پر ٹرین کے موسمی عملے کو ٹریننگ بھی دی گئی۔
وزیر نقل و حمل صالح الجاسر نے گذشتہ ماہ مشاعر مقدسہ ٹرین کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منیِٰ، مزدلفہ اور عرفات کا دورہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ سار کمپنی کو مشاعر مقدسہ ٹرین چلانے کی ذمہ داری 2019 میں دی گئی تھی فیصلہ کابینہ نے کیا تھا۔ ایک ٹرین میں تین ہزار افراد بیک وقت سفر کر سکتے ہیں۔ ایک گھنٹے میں 72 ہزار افراد کے لیے سفر کی سہولت میسر ہے۔ 16 ٹرینیں 80 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے مشاعر مقدسہ میں چلیں گی۔