وزیر صحت المعیصم کے ایمرجنسی کمپلیکس بھی گئے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر فہد الجلاجل نے مکہ مکرمہ اور منٰی، مزدلفہ اور عرفات کے ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے منٰی الوادی ہسپتال میں حاجیوں کو پیش کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر صحت نے ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں علاج کی سہولتوں اور کام کی رفتار اور انداز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہیں بتایا گیا کہ منی الوادی ہسپتال حج موسم 1443ھ کے دوران حاجیوں کو تمام ضروری صحت خدمات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے انہیں بریفنگ دی۔
وزیر صحت المعیصم کے ایمرجنسی کمپلیکس بھی گئے۔ انہوں نے وہاں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کا جائزہ لیا۔ مشاعر مقدسہ کے ایمرجنسی کمپلیکس میں میتوں کے سرد خانے بھی ہیں۔ وزیر صحت نے اس حوالے سے ضروری معلومات حاصل کیں۔
وزیرصحت منی الجسر ہسپتال بھی گئے۔ انہوں نے اس کے مختلف وارڈز اور کلینکس کا معائنہ کیا یہاں لو سے متاثرین کے علاج کا بڑا یونٹ ہے۔ علاوہ ازیں پھیپھڑوں اور دل کے امراض میں مبتلا حاجیوں کو فوری طبی سہولت فراہم کرنے والے یونٹس بھی ہیں۔ فہد الجلاجل نے مکہ مکرمہ میں قدرتی آفات سینٹر کا بھی دورہ کیا۔
فہد الجلاجل نے منی ایمرجنسی ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ وہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں ہیلتھ کنٹرول کمانڈ روم بھی گئے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے اس سال حج موسم کے دوران 23 ہسپتال اور 147 ہیلتھ سینٹر حاجیوں کی خدمت کے لیے تیار کیے ہیں۔ ان کے بستروں کی گنجائش 5 ہزار تک پہنچا دی گئی ہے۔ 25 ہزار ہیلتھ اہلکار حاجیوں کو صحت خدمات پیش کرنے پر مامور ہیں۔