Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسلادھار بارشیں: چترال میں سیلاب سے متعدد گھر بہہ گئے

چترال میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ (فوٹو: پی ڈی ایم اے)
پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔ کم و بیش پانچ ہفتوں کے دوران بارشوں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 315 سے تجاوز کر چکی ہے۔ 
بلوچستان کے بعد سیلابی ریلوں نے خیبرپختون خوا میں بھی تباہی مچانا شروع کر دی ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں اپر چترال میں سیلاب سے متعدد گھر بہہ گئے اور متعدد کو نقصان پہنچا۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار اور کل سوموار کو بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جس سے ملک کے بیشتر نشیبی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈٰی ایم اے نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے نتجے میں ایک فرد ہلاک جبکہ دو افراد ذخمی ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر 45 املاک کو نقصان پہنچا جس میں سے 14 گھر اور تین دیگر عمارتیں مکمل تباہ جبکہ 23 گھروں اور 8 دیگر عمارات کو جزوی نقصان پہنچا۔ سب سے زیادہ نقصان اپر چترال میں ہوا۔
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 14 جون سے 23 جولائی کے دوران ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 315 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سب سے زیادہ 100 سے زائد ہلاکتیں بلوچستان میں ہوئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے 34 اضلاع میں سے 27 متاثر ہوئے ہیں۔ 

چترال میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سڑکوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: پی ڈی ایم اے)

سندھ میں 74، پنجاب میں 66 اور کے پی میں 61 ہلاتیں ہو چکی ہیں جبکہ 225 افراد زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 114 بچے، 54 عورتیں اور 144 مرد شامل ہیں۔ 
بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 3080 مکانات تباہ جبکہ 3436 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تقریباً 600 کلومیٹر سڑکوں، 44 پلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 1664 جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
سندھ کے اضلاع سیلابی ریلے سے متاثر
سندھ کے کچھ اضلاع بھی سیلابی ریلے سے متاثر ہوئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
کراچی میں نالے ابل پڑے اور مرکزی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبے کے کچھ اضلاع میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہونے کے بھی خدشات ہیں۔

کراچی میں سڑکوں پر پانی کہ وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

’تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان‘

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار اور پیر کو سندھ، بلوچستان، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں شدید مو سلا دھار بارش جبکہ مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور زیریں خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
جس کے نتیجے میں کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، شہید بینظیر آباد، جامشورو، میر پورخاص، دادو، عمر کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، لاہور، گوجرانوالہ، ڈی جی خان، سرگودھا، ڈی آئی خان، ملتان ،مظفر گڑھ، ساہیوال، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگراور رحیم یار خان میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اس دوران ژوب، لورالائی، بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، بولان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔ 
کشمیر، گلیات، مری، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور اور سکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ 

شیئر: