Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی ایئر ٹریفک کنٹرول کی مبینہ غفلت، پی آئی اے کے جہاز ٹکراتے ٹکراتے بچے

’دونوں جہاز خطرناک حد تک قریب آچکے تھے تاہم خودکار نظام کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئے‘ (فائل فوٹو: پی آئی اے)
ایرانی ایئر ٹریفک کنٹرول کی مبینہ غفلت، پی آئی اے کے جہاز ٹکرانے سے بال بال بچ گئے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے دو طیارے ایران کی فضائی حدود میں تصادم سے بال بال بچ گئے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اتوار کو پیش آنے والے واقعے کو ایرانی سول ایوی ایشن کی غفلت قرار دیا ہے۔ 
پی آئی اے کے دو جہازوں کو فضا میں ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے مبینہ غفلت کے باعث ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔ 
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایرانی ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے مبینہ طور پر ایک ہی وقت میں دو ہوائی جہازوں کو ایک ہی بلندی سے گزرنے کی اجازت دی۔ 
پی آئی اے کی ایک پرواز اسلام آباد سے دبئی جا رہی تھی جبکہ دوسری پرواز دوحہ سے پشاور آرہی تھی۔ 
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ’دونوں جہازوں میں نصب خودکار نظام کے باعث پائلٹس کو ایک ہی بلندی پر دو جہازوں کی موجودگی کا علم ہوا جس کے باعث اُن کا رخ اچانک موڑ دیا گیا۔‘
ترجمان کے مطابق ’دبئی سے آنے والی پرواز 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہی تھی جبکہ دوحہ سے آنے والی پرواز کو 36 ہزار فٹ سے 20 ہزار فٹ تک نیچے آنے تک کی اجازت دے دی گئی تھی۔‘
’دونوں جہاز خطرناک حد تک قریب آچکے تھے تاہم خودکار نظام کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئے۔‘

شیئر: