میں ذہنی دباؤ میں ہوں، کیا سوال پوچھ رہے ہو یار: عامر خان
میں ذہنی دباؤ میں ہوں، کیا سوال پوچھ رہے ہو یار: عامر خان
جمعرات 4 اگست 2022 14:52
لال سنگھ چٖڈھا کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم جاری ہے۔ کرینہ کپور انسٹا
بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘ عامر خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کے حوالے سے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں اداکار عامر خان نے بتایا کہ انہیں ایک اچھی فلم بنانے پر خوشی ہے لیکن اگر لوگوں کو نہ پسند آئی تو دل ٹوٹ جائے گا۔
پروگرام کے میزبان کرن جوہر نے عامر خان سے پوچھا کہ کیا وہ اپنی نئی فلم کے بارے میں پریشان ہیں تو اداکار نے جواب دیا کہ ’ظاہر ہے میں ذہنی دباؤ میں ہوں۔ کیا سوال پوچھ رہے ہو یار۔‘
فلم لال سنگھ چڈھا کی اداکارہ کرینہ کپور بھی پروگرام میں موجود تھیں جنہوں نے اپنے ساتھی اداکار کا ردعمل سن کر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے عامر خان سے دوبارہ پوچھا کہ کیا وہ واقعی ذہنی دباؤ میں ہیں۔
کرینہ کپور نے کہا ’لیکن آپ تو بہت پراعتماد لگتے ہیں۔‘
پروگرام میں کرن جوہر نے عامر خان کی دیگر فلموں دل چاہتا ہے، لگان، رنگ دے بسنتی اور تارے زمین پر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر پرفیکٹ ان فلموں سے سامعین کی پسند اور ناپسند پر بھی اثرانداز ہوئے ہیں۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ان فلموں میں ہمارے ملک کی کہانیاں ہیں جو جذبات سے بھرپور ہیں اور لوگ ان سے جڑے ہوئے ہیں۔
’میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ایکشن فلمیں بناؤ لیکن اچھی فلم بناؤ، ایسے موضوع پر جو لوگوں سے مناسبت رکھتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ عامر خان کی جلد آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے خلاف سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔
ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ہالی وڈ کی سپرہٹ ’فلم فارسٹ‘ گمپ سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔
مئی میں ریلیز ہونے والے فلم کے ٹریلر میں عامر خان کو بہت بڑی داڑھی اور پگڑی میں دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ فارسٹ گمپ کے اداکار ٹام ہینکس کا مکالمہ بولتے ہیں ’امی ہمیشہ سے کہتی آئی ہیں، زندگی چاکلیٹس کے ڈبے کی طرح ہے۔‘