Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرینٹ بولٹ نے فیملی کی خاطر ٹیم کا سینٹرل کنٹریکٹ چھوڑ دیا

سینٹرل کنٹریکٹ چھوڑنے کے باوجود ٹرینٹ بولٹ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے قومی ٹیم کا سینٹرل کنٹریکٹ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بدھ کے روز ٹرینٹ بولٹ نے اپنے گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنے اور ٹی20 لیگز میں بغیر کسی رکاوٹ کے کھیلنے کی خاطر نیوزی لینڈ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
کرک انفو کے مطابق ٹرینٹ بولٹ نے کہا ہے کہ ’میں نے یہ فیصلہ اہلیہ اور تین بچوں کی وجہ سے کیا ہے، فیملی ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے اور میں اسے پہلے رکھنے پر بہت مطمئن ہوں اور کرکٹ کے بعد کی زندگی کے لیے تیار ہورہا ہوں۔‘
ٹرینٹ بولٹ مزید کہتے ہیں کہ ’ابھی بھی اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میری بڑی خواہش ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ میں بین الاقوامی سطح پر اپنا ہنر دکھا سکتا ہوں، تاہم میں یہ سمجھتا ہوں کہ سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے پر ٹیم میں میری جگہ پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔‘
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی ٹرینٹ بولڈ کے اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔
سینٹرل کنٹریکٹ چھوڑنے کے باوجود ٹرینٹ بولٹ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا اور وہ جمعرات سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 میچ بھی کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ آج کل انٹرنیشنل کرکٹ، لیگ کرکٹ کی وجہ سے بری طرح متاثر ہورہی ہے اور کھلاڑیوں کی دلچسپی ٹی20 لیگ کرکٹ میں زیادہ بڑھ رہی ہے جس کے بعد آئی سی سی بھی کرکٹ لیگز کو زیادہ راستہ دے رہی ہے۔
ٹرینٹ بولٹ کی سینٹرل کنٹریکٹ چھوڑنے کی ایک بڑی وجہ بھی لیگ کرکٹ میں بغیر کسی رکاوٹ کے کھیلنا ہے۔
وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجھستان رائلز کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ رواں برس کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی انٹرنیشنل ٹی20 لیگ میں بھی شمولیت اختیار کریں گے۔

ٹرینٹ بولٹ نے نیوزی لینڈ کے لیے مجموعی طور پر تینوں فارمیٹس میں 215 میچز میں 548 وکٹیں حاصل کیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ٹرینٹ بولٹ نے اپنے 11 سالہ کیریئر میں نیوزی لینڈ کے لیے مجموعی طور پر تینوں فارمیٹس میں 215 میچز میں 548 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹرینٹ بولٹ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ سے علیحدگی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ کے مداحوں کی جانب سے تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
صحافی فریڈی وائلڈی کہتے ہیں کہ ’ٹرینٹ بولٹ کی خبر انٹرنیشنل کرکٹ کے زوال کی جانب ایک نیا نشان ہے، یہ پہلے کھلاڑی نہیں ہیں اور نہ ہی آخری کھلاڑی ہوں گے، یہ خبر اب چند ماہ میں کھیل کی نئی سمت کے بارے میں بتائے گی۔‘
شبھ اگروال نے لکھا ہے کہ ’ٹرینٹ بولٹ نیوزی لینڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونا چاہتے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ بہت جلد دنیا بھر کی ٹی20 لیگز کے لیے آڈیشن بن جائے گی۔‘
 
وزیر لکھتے ہیں کہ ’لاہور قلندرز کے لیے ٹرینٹ بولٹ اور شاہین آفریدی کو اکٹھے دیکھنا بلاک بسٹر ہوگا۔‘
 
 

شیئر: