Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جشن آزادی کی تقریب میں ڈانس، حکومت اور پی ٹی وی پر تنقید

جناح کنونشن سینٹر میں منقعد کی گئی پرچم کُشائی کی سرکاری تقریب کے دوران موسیقی اور ڈانس پرفارمنس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔ (فوٹو:روئٹرز)
پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر سرکاری ٹی وی چینل پاکستان ٹیلی وژن  پر نشر ہونے والی مرکزی تقریب کے دوران ڈانس پرفارمنس کے باعث حکومتِ پاکستان اور پی ٹی وی تنقید کی زد میں ہے۔
دارلحکومت اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں یومِ آزادی کے موقع پر منقعد کی گئی پرچم کُشائی کی سرکاری تقریب کے دوران موسیقی اور ڈانس پرفارمنس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔
اسی سلسلے میں علاقائی گانوں پر مشتمل رقص پیش کیا گیا جسے وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں نے دیکھا۔
جناح کنونشن سینٹر میں رکھی گئی اس تقریب کے دوران ڈانس اور موسیقی کی پرفارمنس پر شہری سوشل میڈیا پر حکومت اور پی ٹی وی پر تنقید کر رہے ہیں۔
’ٹوئٹر صارف نوفل شاہ رخ نے لکھا کہ ‘پاکستان میرا ایمان، نظریہ، پیشن، مشن اور عبادت ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر سرکاری ٹی وی پر دکھائی جانے والی ڈائمنڈ جوبلی کی سرکاری تقریب میرے پاکستان کی نمائندگی نہیں کرتا۔ میں اس پر وزارت اطلاعات و نشریات اور پی ٹی وی انتظامیہ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘
حسین راجہ لکھتے ہیں کہ ’سرکاری طور پر جس طریقے سے یوم آزادی منایا گیا ڈانس کروا کے اس کی کیا تک بنتی تھی؟ آپ کے پاس کچھ نہیں تھا تو کم از کم پرانے ترانے ہی چلا دیتے۔‘
سعد مقصود نے لکھا ہے کہ ’وفاقی حکومت کا یوم آزادی پر رقص بھری محفل کا انعقاد جو محرم کے ماہ میں ہوا انتہائی افسوس ناک ہے، پاکستان کی بنیاد نا ایسی تھی نا ہے، نغمے گیت کی حد تک ٹھیک ہے، مگر بیہودہ ڈانس قابل مذمت ہے، ملک کی اساس کو تباہ نہ کیجئیے۔‘
دوسری جانب پاکستان ٹیلی ویژن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے اس تنقید پر جواب آیا ہے۔
پی ٹی وی کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ ’ناپاک عناصر کی جانب سے قومی تقریب کے حوالے سے جعلی وڈیوز اور مکروہ پروپیگنڈا پھلایا جارہا ہے جو روایتی اقدار اور جذبات کے تحت ہوا تھا، اس سے ہوشیار رہیں۔‘

شیئر: