Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک حادثے میں نوجوان کو بچانے والی نرس کے لیے اعزاز

طبی عملے کی مدد سے نوجوان کی مرہم پٹی کی گئی۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب میں مدینہ ہیلتھ سٹی کمپلیکس کے ڈپٹی ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر خالد الحربی نے ٹریفک حادثے سے دوچار نوجوان کی زندگی بچانے پر سعودی نرس جواھر بنت شداد الحربی کو اعزاز سے نوازا ہے۔
سعودی نرس جواھر الحربی حادثے کے وقت گھر سے ڈیوٹی کے لیے ہیلتھ سینٹر جا رہی تھیں۔ 
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے جواھر الحربی نے بتایا کہ وہ مدینہ کے ایک ہیلتھ سینٹر میں نرس کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
جواھرالحربی نے بتایا کہ ٹریفک حادثہ ان کی نظروں کے سامنے ہوا۔ انہوں نے دیکھا کہ گاڑی کی کھڑکی سے متاثرہ نوجوان باہر آکر گرا۔
’میں نے ایک نرس کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر گاڑی روکی اور اپنے تجربے کے حوالے سے اس وقت جو کچھ کرسکتی تھی کیا۔ زخمی نوجوان کو ہوش میں لانے کے  لیے کوشش کی اور پھر اپنے اسکارف کے ٹکڑے کو باندھ کر خون روکنے کی کوشش کی۔‘
جواھر الحربی نے بتایا کہ ’ابتدائی طبی امداد کے بعد متاثرہ نوجوان نے اٹھ کر چلنے کی کوشش کی لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے دو قدم بعد ہی وہ گر گیا پھر میں اسے اپنی گاڑی سے ہیلتھ سینٹر لے گئی جو جائے وقوعہ سے چند میٹر کے فاصلے پر تھا۔ وہاں طبی عملے کی مدد سے اس کی مرہم پٹی کی گئی اور پھر اسے کنگ فہد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔‘
جواھر الحربی نے بتایا کہ اس نے جو کچھ کیا اپنا فرض سمجھ  کر کیا اور اپنے تجربے سے فائدہ اٹھایا۔
’نرسنگ انسانیت کی خدمت کا پیشہ ہے۔ اس کا دائرہ ہیلتھ سینٹر یا ہسپتال تک محدود نہیں۔ جہاں اور جب بھی کسی کو مدد کی ضرورت ہواس کی مدد کرنا نرس کا انسانی اور پیشہ ورانہ فریضہ ہے۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: