انڈیا کا وہ گینگ جو 8 ماہ تک ’جعلی پولیس سٹیشن‘ چلاتا رہا
خود کو پولیس افسر یا اہلکار ظاہر کر کے فراڈ کے واقعات انڈیا میں عام ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ایک ایسا گینگ پکڑا گیا ہے جس نے پولیس افسروں کا روپ دھار کر آٹھ مہینے جعلی پولیس سٹیشن چلایا اور لوگوں سے پیسے بٹورے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق خود کو پولیس افسر یا اہلکار ظاہر کر کے فراڈ کے واقعات انڈیا میں عام ہیں۔
ڈی سی سریواستو نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ریاست بہار میں اس گروہ نے اصل مقامی پولیس افسر کے گھر سے بمشکل 500 میٹر کے فاصلے پر جعلی پولیس سٹیشن قائم کیا، رینک کے بیجز والی وردی زیب تن کی اور بندوقیں اٹھا لیں۔‘
اس کے بعد وہ جعلی سٹیشن میں آنے والے مقامی لوگوں سے شکایت اور مقدمات درج کروانے کے لیے رقم وصول کرنے لگے جبکہ دیگر سے محفوظ رہائش اور پولیس میں ملازمتیں حاصل کرنے میں تعاون کا وعدہ کر کے نقد رقم حاصل کرنے لگے۔
لیکن اس فراڈ کا عقدہ اس وقت کھُلا جب ایک اصلی پولسی افسر نے گینگ کے دو کارندوں کو ادارے کی جانب سے جاری کردہ ہتھیاروں کے بجائے مقامی ورکشاپ میں بنی بندوقیں خریدتے دیکھا۔
سریواستو نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’دو خواتین سمیت گینگ کے کم از کم چھ ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے لیکن اس گینگ کا سرغنہ تاحال فرار ہے۔‘
سریواستو نے کہا کہ ’معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ مزید معلومات سامنے آئیں گی۔‘