Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشترکہ اقدار کے بغیر دنیا امن کا گہوارہ نہیں بن سکتی، ڈاکٹر العیسیٰ

اعتدال پسند اسلام کے فروغ اور ایسی دنیاجہاں ہر کوئی قابل احترام ہو کی ضرورت ہے۔ فوٹو عرب نیوز
رابطہ عالم  اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے اٹلی کے  شہر  ریمنی میں بین المذاہب مکالمے پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ اقدار کے بغیر دنیا امن کا گہوارہ نہیں بن سکتی۔
عرب نیوز کے مطابق  ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا ہے کہ ہم سب پرامن معاشروں میں رہنا چاہتے ہیں اور ایسا کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ہم افہام و تفہیم کے پل باندھیں۔
سعودی عرب کے سابق وزیر انصاف اور انٹرنیشنل اسلامک حلال آرگنائزیشن کے صدر  نے مزید کہا ہے کہ ہمیں چاہئے کہ اختلافات کو قبول کریں اور بغیر کسی تنازعے کے اچھے کاموں کی طرف توجہ دیں۔
مشترکہ اقدار کے ساتھ ہی ہم سب انصاف، امن اور ہم آہنگی میں رہ کر چیلنجز پر قابو پانے اور برائی کو شکست دینے کے لیے اچھے اور تعمیری کام  کرسکتے ہیں۔
مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ اعتدال پسند اسلام کے بارے میں سرکردہ عالمی آواز اور انتہا پسند نظریے کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں اہم شخصیت  کے طور پر جانے جاتے  ہیں ۔
تقریب میں ڈاکٹر العیسیٰ کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور تقریباً تین  ہزار افراد نے  ان کی تقریر سننے کے لیے تقریب میں شرکت کی۔
اس تقریب کی نظامت اٹلی کے شہر میلان میں کیتھولک یونیورسٹی آف دی سیکرڈ ہارٹ کے مصری پروفیسر وائل فاروق نے کی تاہم عرب نیوز کی جانب سے بھی شرکت کی گئی۔
پروفیسر وائل فاروق نے ' اعتدال پسند اسلام کے فروغ اور ایسی دنیا کی تعمیر جہاں ہر کوئی قابل احترام ہو' جیسے الفاظ پر ڈاکٹر العیسیٰ کی تعریف کی۔

یہاں ہم سب قوموں کو اکٹھا کرنے کی اہمیت کو محسوس کرتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ڈاکٹر العیسیٰ نے تقریب کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریمنی کے اس فورم میں آپ سب سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
یہاں ہم سب قوموں کو اکٹھا کرنے کی اہمیت کو محسوس کرتے ہیں تاکہ وہ انسانی بھائی چارہ قائم کرنے اور ایسے انسانی اور روحانی مسائل پر قابو پانے کے لیے تعاون کریں۔
ہم سب کو ایک محفوظ اور پرامن دنیا کے لیے مل جل کر باہمی رابطے کا پل تعمیر کرنے کے لیے پیشرفت کی ضرورت ہے جہاں مختلف ادارے اور معاشرے رہ سکیں اور باہمی طور پر امن کے ساتھ ترقی کریں۔
 

شیئر: