بیمار کتا خریدنے پر سعودی خاتون کو معاوضہ
’عدالت نے جعلسازی کے جرم میں دکاندار کو 5 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
امریکہ کا ریاست ٹیکسس کی عدالت نے ایک سعودی خاتون کے حق میں فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خاتون نے ایک دکاندار سے کتا خریدا تھا جو بیمار نکلا۔ اس پر عدالت نے انہیں تین ہزار ڈالر معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
معلوم ہوا کہ دکاندار نے کتے کے جعلی سرٹیفیکیٹ تیار کئے تھے جن سے ثابت ہورہا تھا کہ وہ تمام بیماریوں سے پاک ہے۔
عدالت نے جعلسازی کے جرم میں دکاندار کو 5 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
تفصیلات میں بتایا گیا کہ مذکورہ خاتون نے 4 ماہ کی عمر کا کتا 800 ڈالر میں خریدا تھا جبکہ دکاندار کا کہنا تھا کہ کتے کو تمام ویکسین دی جاچکی ہیں جبکہ میڈیکل سرٹیفکیٹ میں ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہے۔
خاتون نے کہا ہے کہ ’کتنا گھر لانے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ بہت لاغر اور بیمار ہے، جب ڈاکٹر کو دکھایا گیا تو معلوم ہوا کہ اسے کئی بیماریاں لاحق ہیں‘۔
خاتون نے اپنے دعوے میں کہا ہے کہ اسے 800 ڈالر واپس کئے جائیں نیز کتنے کے علاج پر خرچ ہونے والی رقم تین ہزار ڈالر کا معاوضہ دیا جائے۔