بہت ہو گیا، آج پشاور جلسے میں پروپیگنڈے کا جواب دوں گا: عمران خان
منگل 6 ستمبر 2022 9:42
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
عمران خان نے حکومتی اتحاد کو اپنے خلاف پروپیگنڈہ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کو اپنے خلاف ’سخت پروپیگنڈے‘ میں ملوث ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں اس پر نظر رکھے ہوئے ہوں۔‘
منگل کو ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ ’یہ ان کے پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے کا نتیجہ ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بہت ہو گیا۔ آج پشاور جلسہ میں ان سب کو جواب دوں گا جو میرے الفاظ کو جان بوجھ کر مسخ کر کے مجھے بدنام کر رہے ہیں۔‘
عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں بیان کردہ پروپیگنڈے کی مزید وضاحت نہیں کی تاہم ان کا یہ ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک سیاسی جلسے میں کی گئی ان کی تقریر پر گزشتہ روز پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ردعمل دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے فیصل آباد میں پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔ ’آصف زرداری اور نواز شریف اپنا فیورٹ آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔‘
فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’ان کے الیکشن سے ڈرنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔‘
اس پر دیے گئے ردعمل میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’فیصل آباد میں ہونے والے سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے پاکستانی فوج کی سینیئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیز اور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ ہے۔‘
’ایک ایسے وقت میں پاکستانی فوج کی سینیئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے جبکہ پاکستانی فوج قوم کی سکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔‘