نجی سکولوں میں فیسیں اور اساتذہ کی تنخواہیں کتنی: جائزہ رپورٹ
58 فیصد اساتذہ کی ماہانہ آمدنی 3 ہزار سے 6500 ریال کے درمیان ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل کے ماتحت نجی تعلیم و تربیت کی قومی کمیٹی نے نجی سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں کے بارے میں کیے گئے جائزے کی رپورٹ جاری کی ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق جائزے میں بتایا گیا ہے کہ’ نجی سکولوں کے 58 فیصد اساتذہ کی ماہانہ آمدنی 3 ہزار سے 6500 ریال کے درمیان ہے‘۔
جائزے میں بتایا گیا ہے کہ’ نجی اور انٹرنیشنل سکولوں کے 53 فیصد اساتذہ سعودی ہیں۔ سکولوں میں 39 فیصد سے مصری اساتذہ دوسرے نمبر پر ہیں‘۔
جائزہ ایک کنسلٹنٹ ایجنسی کے تعاون سے ’مملکت سعودی عرب میں نجی اور انٹرنیشنل تعلیمی شعبے کی موجودہ صورتحال‘ کے عنوان سے تیار کیا گیا ہے۔
جائزے میں کہا گیا ہے کہ’ مملکت میں 94 فیصد نجی سکول 10 ہزار ریال سے زیادہ فیس لیتے ہیں۔ 6 فیصد سکول ایسے ہیں جو 10 ہزار سے کم فیس وصول کررہے ہیں جبکہ 40 فیصد نجی سکولوں کی فیس 10 سے 20 ہزار ریال کے درمیان ہے‘۔