مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں بارش کی توقع، مطلع غبار آلود
اتوار 11 ستمبر 2022 10:09
’مدینہ منورہ سے عسیر تک درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے‘ ( فوٹو: طقس العرب)
مدینہ منورہ میں آج مطلع غبار آلود ہے جہاں متعدد علاقوں میں حد نگاہ انتہائی متاثر ہے جبکہ مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الاکحل، المہد، الہندیہ، الیتمہ اور وادی فرع میں رات 8 بجے تک گرد وغبار رہے گا‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مذکورہ علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش کی بھی توقع ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں سمیت عسیر، باحہ اور جازان میں بھی جزوی طور پر غبار ہے جبکہ درمیانے درجے کی بارش کا بھی امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ینبع، الرایس اور ینبع النخل میں گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں جہاں رات 8 بجے تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘۔
’اسی طرح کی کیفیت عسیر ریجن کے متعدد علاقوں میں ہیں جہاں فجر سے مطلع ابر آلود ہے جبکہ رات تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے‘۔