غیر ملکی نمبر پلیٹ کی گاڑی سعودی عرب میں کب تک رکھی جا سکتی ہے؟
تین ماہ بعد رکھنے پر ہر دن 20 ریال کے حساب سے جرمانہ ہوگا(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے پھر کہا ہے کہ’ مملکت میں غیرملکی نمبر پلیٹ کی گاڑی تین ماہ تک رکھی جاسکتی ہے اس کے بعد رکھنے پر ہر دن 20 ریال کے حساب سے جرمانہ ہوگا‘۔
اتھارٹی کے تحت ٹوئٹر اکاؤنٹ ’اسال الزکاۃ‘ پر بتایا گیا کہ ’سعودی قانون کے بموجب غیرملکی نمبر پلیٹ کی گاڑی مملکت میں تین ماہ تک رکھی جاسکتی ہے۔ اس کے بعد رکھنے پر ہر روز20 ریال کے حساب سے جرمانہ ہوگا۔ انتہائی حد گاڑی کی کل قیمت کا دس فیصد تک ہے‘۔
ایک شہری نے اتھارٹی سے استفسار کیا تھا کہ اس کا بھائی متحدہ عرب امارات سے گاڑی خرید کر سعودی عرب لایا ہے۔ جاننا یہ ہے کہ اماراتی نمبر پلیٹ والی گاڑی مملکت میں کتنے عرصہ رکھی جاسکتی ہے۔ حد سے زیادہ مدت تک رکھنے پر کوئی جرمانہ تو نہیں ہے۔
قبل ازیں اتھارٹی نے کہا تھا کہ اگر کوئی سعودی عرب سے باہر گاڑی لے جارہا ہو تو ایسی صورت میں اس کے ڈرائیور کے پاس موثر اصلی استمارہ (وہیکل رجسٹریشن) کارڈ ہونا ضروری ہے۔ گاڑی کا ڈرائیوراس کا مالک ہو یا مالک کی جانب سے گاڑی باہر لے جانے والے کے نام مختار نامہ ہونا چاہیے۔