ذاتی کاروبار کرنے پر پاکستانی تارک وطن گرفتار
اتوار 18 ستمبر 2022 12:46
’پاکستانی تارک وطن نے ایک تجارتی ادارے کو بوگس چیک جاری کیا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت تجارت نے ذاتی کاروبار میں ملوث ایک پاکستانی تارک وطن کے خلاف کارروائی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے ایک شہری کو بھی گرفتار کیا ہے جس نے مذکورہ پاکستانی کو کاروبار کی اجازت دے رکھی تھی۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری کے نام پر پاکستانی تارک وطن ٹھیکیداری کا کام کرتا تھا‘۔
’ایک تجارتی ادارے نے وزارت کو اطلاع دی کہ پاکستانی تارک وطن ایک لاکھ ریال کا چیک دیا ہے جبکہ بینک اکاؤنٹ میں اتنی رقم نہیں تھی‘۔
’بعد ازاں وزارت نے بوگس چیک دینے پر کارروائی کی اور پاکستانی تارک وطن کو تفتیش کے لیے طلب کرلیا‘۔
’تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ٹھیکیداری کا پورا کاروبار پاکستانی کا ہے جبکہ سعودی شہری کا صرف نام استعمال کیا جاتا ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’خلاف ورزی ثابت ہونے پر پاکستانی اور سعودی شہری کو گرفتار کیا گیا، تجارتی لائسنس منسوخ کردیا گیا، اثاثے منجمد اور دفاتر سیل کردئے گئے‘۔