Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی امدادی سرگرمیوں سے یمنی فائدہ اٹھا رہے ہیں

طبی پروگرام کے ذریعے چھ ہزار 42 مریضوں کا معائینہ کیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر شاہ سلمان مرکز)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن میں خوراک اور طبی امداد جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے  یمن کے حضر موت گورنریٹ میں نور سعودی عرب رضاکارانہ پروگرام کے ساتھ مل کر نابینا پن اور متعلقہ بیماریوں سے نمٹنے کے لیے ایک طبی پروگرام کے ذریعے چھ ہزار 42 مریضوں کا معائینہ کیا، 400 سرجریز کیں اور ایک ہزار 288 عینکیں تقسیم کیں۔
یہ مہم سعودی امدادی ایجنسی کی اس کوشش کا حصہ تھی کہ نہ صرف یمن بلکہ دیگر ممالک میں بھی کم آمدنی والے خاندانوں میں نابینا پن کو ہدف بنایا جائے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے مارب گورنریٹ میں 119 ٹن اور 840 کلوگرام فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس کا مقصد یمن کے 15 گورنریٹس میں ایک لاکھ 92 ہزار خاندانوں کو فوڈ باسکٹ اور  20 ہزار ٹن کھانا دینا ہے۔
دریں اثنا سعودی عرب نے یمن میں حوثی ملیشیا کی طرف سے بچھائی گئی ایک ہزار 75 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات کے منصوبے ’مسام‘ کے تحت ستمبر 2022 کے تیسرے ہفتے کے دوران یمن کے مختلف مقامات سے ان بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا۔
ان میں 12 اینٹی پرسنل، 308 ٹینک شکن، 751  بغیر دھماکے والی اور چار دھماکہ خیز بارودی سرنگیں ناکارہ بنائی گئی۔

اب تک تین لاکھ 58 ہزار بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں(فوٹو ایس پی اے)

شاہ سلمان بن عبدالعزیز امدادی سینٹر کے تحت ’مسام منصوبے‘ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
سعودی پروجیکٹ مسام کی زیر نگرانی یمن کے مختلف علاقوں خصوصا مارب، عدن، صنعا، الجوف، الھاھل، الحدیدۃ، شبوہ اور تعز میں حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی گئی ان بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔
پروگرام کےآغاز سے اب تک تین  لاکھ 58 ہزار، 863  بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں۔

شیئر: