Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سستے پیٹرول کا مزہ لے رہے تھے کہ حکومت نے نیا بم گرا دیا‘

ایک روپے 45 پیسے اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 237 روپے 43 پیسے ہو گئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں شہریوں نے آج اپنے دن کا آغاز پیٹرول کی نئی قیمتوں کی خبر سن کر کر کیا۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد سوشل میڈیا صارفین حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔
بدھ کی صبح وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ایک نوٹی فیکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ صارفین نے پیٹرول کی نئی قیمت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اس حکومت کو ’اندھیر نگری‘ قرار دیا تو دوسری جانب سیاسی مخالفین نے بھی حکام پر شدید تنقید کی۔
کچھ صارفین نے مزاحیہ میمز بھی پوسٹ کیں۔
صحافی عرفان جمیل ڈوگر نے لکھا ’غریب مکاؤ مہم جاری۔ پیٹرول آٹھ پیسے سستا کرنے کے بعد رات کو دو روپے کے لگ بھگ مہنگا۔‘
واضح رہے کہ چند دن قبل وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں آٹھ پیسے کمی ہو گی تاہم آج قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ 
نبیلہ طارق ایڈووکیٹ نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا ’اندھیر نگری چوپٹ راج! ابھی ہم 8 پیسے سستے پیٹرول کا مزہ لے ہی رہے تھے کہ حکومت نے اندھیری رات میں پیٹرول بم گرا دیا۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’دنیا میں پیٹرول اور پام آئل کی قیمتیں کریش کر چکی ہیں لیکن پاکستان میں عوام پر پھر پیٹرول بم گرا دیا گیا ہے۔‘
فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ ’اگر یہ حکومت برقرار رہی تو مڈل کلاس مکمل طور پر غربت کی لکیر سے نیچے چلی جائے گی۔ مہینے کے اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو چکا ہے اور 72 رکنی کابینہ والے وزیراعظم بیرونی دوروں پر ہیں۔‘
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، سینیٹر فیصل جاوید سمیت دیگر سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بھی پیٹرول کی نئی قیمت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ’بے قصور عوام پر شب خون‘ قرار دیا ہے۔

 

شیئر: