Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے قوم کو گمراہ کیا،آڈیو کا فرانزک آڈٹ کرائیں گے: رانا ثنااللہ

رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو معاشی اور خارجہ محاز پر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ’عمران خان کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں پھوٹی ہے، ہم اپنے طور پر لیک آڈیو کا فرانزک کرانے جا رہے ہیں۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں امریکہ نے سازش کر کے ہٹایا ہے، انہیں آڈیو میں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ہم نے صرف کھیلنا ہے۔ عمران خان کا امریکی سازش کے تحت حکومت ہٹانے کا جھوٹ قوم کے سامنے آ گیا ہے۔‘
انہوں نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم کی مبینہ آڈیو بھی چلوائی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’ایک دن پہلے بھی عمران خان نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد پر وار دات کرنی ہے یعنی  یہ اسلام آباد واردات کرنے کے لیے آنے چاہتے ہیں اور 25 مئی کو بھی واردات ہی کرنے آئے تھے۔‘
انہوں نے سابق وزیراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے اس ملک اور قوم کا نقصان کیا۔ انہوں نے ملک کو معاشی، سیاسی اور خارجہ محاز پر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ یہ فتنہ ملک اور قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر سکتا ہے۔‘
وزیر داخلہ سے جب پوچھا گیا کہ کیا اُس وقت کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی تو ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان نے تو صرف مشورہ دیا جس نے وہ مشورہ مانا مجرم وہ ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جب امریکی سازش کا الزام لگایا تو کیا انہوں نے مقدمہ درج کرایا، عدالت میں کیس کیا؟ قوم کو گمراہ کرنے کے لیے صرف سیاسی بیانیہ بنایا۔ ’اگر کوئی آدمی جھوٹ اور مکاری سے قوم کو کسی بات پر الجھانے کی کوشش میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ ایک ایسا عمل ہے جو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔‘
رانا ثنااللہ کے بقول ’ہم عمران خان کو ایکسپوز کرنا اور قوم کے سامنے ان کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔‘

شیئر: