دو لاکھ 25 ہزار ہیکٹر رقبے پر درخت لگانے کا منصوبہ
جنگلات اور خودرو پودوں والے علاقوں میں بارہ ملین درخت لگائے جائیں گے ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں صحرا کی توسیع کے انسداد اور نباتات کی افزائش کے قومی مرکز نے 12 ملین سے زیادہ پودے اور درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق قومی مرکز برائے افزائش نباتات 100 سے زیادہ جنگلات اور خودرو پودوں والے مقامات پر بارہ ملین سے زیادہ درخت اور پودے لگوا رہا ہے۔
2030 تک سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں دو لاکھ 25 ہزار ہیکٹر سے زیادہ رقبے میں درخت اور پودے لگائے جائیں گے۔
قومی مرکز برائے افزائش نباتات نے شجرکاری کے حوالے سے تمام ضروری مطالعہ جات اور جائزے مکمل کرلیے۔ ایسے جنگلی درختوں اور پودوں کا انتخاب کیا گیا ہے جنہیں ریگستان میں لگایا جاسکتا ہے اور جو صحرا کے ماحول سے مطابقت رکھتے ہیں۔
اس پروجیکٹ سے مقامی شہریوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ یہ کام ماحولیاتی تنظیموں، پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں اور شہد فارم قائم کرنے والی انجمن کے توسط سے کیا جائے گا۔