مکہ مکرمہ میں غیرقانونی ورکشاپس سیل
جمعرات 6 اکتوبر 2022 22:16
زائد المیعاد 100 کلو گوشت ضبط کرکے تلف کرادیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ماتحت المسفلہ بلدیاتی کونسل کے انسپکٹرز نے المنصور سٹریٹ پر واقع حوش بکر علاقے اور متعدد غیر منظم محلوں میں چھاپہ مہم کے دوران غیر قانونی ورکشاپس سیل کردیے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی اور اس کے ماتحت بلدیاتی کونسلیں پورے شہر میں ایسے مقامات پر مسلسل چھاپہ مہم چلائے ہوئے ہیں جہاں غیر قانونی سرگرمیاں ہورہی ہیں۔ چھاپہ مہم میں پولیس اور ادارہ صفائی کے عہدیدار بھی شریک ہیں۔
بلدیاتی کونسلوں کے ادارے کا کہنا ہے کہ غیر منظم محلوں اور حوش بکر میں پرانے کپڑوں کے ڈھیر اور بھاری مقدار میں کچرا بھی صاف کرایا گیا۔ پرانا فرنیچر اور لکڑیاں بھی جگہ جگہ پڑی ہوئی پائی گئی تھیں مجموعی طور پر 45 ٹن سامان اٹھوایا گیا۔
زائد المیعاد 100 کلو گوشت ضبط کرکے تلف کرادیا گیا۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دے دیا گیا۔
المعابدہ بلدیاتی کونسل نے گاڑیوں کے تین ایسے ورکشاپس بند کرادیے جو پرمٹ کے بغیر سرگرم تھے۔ ان کے مالکان پر جرمانے بھی کیے گئے۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی اور اس کے ماتحت ادارے پورے شہر میں تفتیشی مہم مقررہ نظام الاوقات کے مطابق جاری رکھیں گے۔