دراندازوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والا شہری گرفتار
جمعرات 13 اکتوبر 2022 20:16
ملزم کے ساتھ 10 دراندازوں کو بھی حراست میں لیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
جازان ریجن کی الحرث کمشنری میں سپیشل ٹاسک فورس نے ایتھوپیا کے 10 دراندازوں کوٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی شہری کو گرفتار کرلیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سپیشل فورس نے ایتھوپین دراندازوں کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا۔
سپیشل فورس کے ترجمان نے کہا ہے کہ جو شخص بھی دراندازی میں سہولت فراہم کرے گا یا دراندازوں کو اندرون مملکت سفر کی سہولت فراہم کرائے گا یا انہیں رہائش مہیا کرے گا یا کسی بھی شکل و صورت میں انہیں تعاون دے گا تو اسے 15 برس تک قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ علاوہ ازیں رہائش میں استعمال ہونے والے مکان اور ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی گاڑی کو ضبط کرلیا جائےگا۔ تشہیر بھی کی جائے گی۔