ایمیزون کا ریاض میں نیا کارپوریٹ دفتر کھولنے کا اعلان
نیا دفتر مزید سعودی ٹیلنٹ کو راغب کرنے کی راہ ہموار کرے گا ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
دنیا کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم ایمیزون نے اپنے سعودی صارفین، کاروباری شراکت داروں اور ملازمین کی سہولت کے لیے دارالحکومت ریاض میں اپنا نیا کارپوریٹ دفتر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض فرنٹ ٹاور میں واقع ایمیزون کا نیا دفتر پہلے سے موجود ایک ہزار 400 سے زیادہ ملازمین کے علاوہ مزید سعودی ٹیلنٹ کو راغب کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
ایمیزون مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ کے نائب صدر رونالڈو موچوار نے کہا کہ ’ہمیں ریاض میں اپنے نئے دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جو مملکت میں ایمیزون کے صارفین، وینڈر پارٹنرز اور ملازمین کی خدمت کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی وژن 2030 کے مطابق اس کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے عزم کی تصدیق ہے۔‘
ایمیزون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وہ کمپنی کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین سے ملاقات کرکے سعودی ٹیلنٹ کو بااختیار بنانے اور تربیت دینے کے لیے ایک انیشی ایٹیو پر بھی کام کر رہا ہے۔‘
ایمیزون مینا کے خلیج تعاون کونسل کے ڈائریکٹر عبدو چللا نے کہا کہ ’ہم ایسے معماروں کی خدمات حاصل کرنے کے بارے میں بات کرتے ہیں جو اختراع اور جدت میں ہماری مدد کریں گے۔ اس کا مطلب ہے صحیح ٹیلنٹ اور ایسے لوگوں پر سرمایہ کاری کرنا جو گاہک کے سہولت مسلسل بہتر بنانے کے جذبے سے سرشار ہیں۔‘
اگرچہ اس سال کے آخر میں ٹیلنٹ پروگرام کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے تاہم ایمیزون ممکنہ امیدواروں کی حوصلہ افزائی کرنے اور تربیت دینے کے لیے ہوم گرون ٹیلنٹ سے ملنے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ایمیزون مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے نائب صدر رونالڈو موچوار نے کہا کہ ’ہم مملکت میں اپنی سرمایہ کاری کو مختلف شعبوں بشمول ای کامرس، سمارٹ ڈیوائسز اور ایمیزون ادائیگی کی خدمات سمیت دیگر شعبوں میں فروغ دینے کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔‘
2020 میں اپنے آغاز کے بعد سے ایمیزون نے مملکت میں متعدد مقامی پروگرام اور مصنوعات متعارف کرائی ہیں۔ ایمیزون نے بہت سے کاروباری شعبوں میں اپنی سرگرمیاں بھی بڑھائیں اور ساتھ ہی ملک بھر میں اپنی سرمایہ کاری کو بھی وسعت دی ہے۔