’دباؤ کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا، پاکستانی ٹیم بہت چیلنجنگ ہے‘
’دباؤ کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا، پاکستانی ٹیم بہت چیلنجنگ ہے‘
ہفتہ 22 اکتوبر 2022 10:10
جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ انڈیا کی ٹیم ایشیا کپ 2023 کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی (فوٹو: روئٹرز)
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کے ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان نہ جانے کے اعلان اور پی سی بی کی ’تنبیہہ‘ دونوں ملکوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
پاکستان اور انڈین ٹیموں کے کھلاڑیوں سے بھی اسی حوالے سے سوالات پوچھے جا رہے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انڈین ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 23 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف اپنے آنے والے میچ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
سنیچر کو پریس کانفرنس میں روہت شرما نے اس حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ اس ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ یہ ہمارے لیے اہم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں اس بات کی فکر نہیں ہے کہ بعد میں کیا ہونے والا ہے۔ اس کے بارے میں سوچنے کا کوئی فائدہ نہیں، بی سی سی آئی اس پر فیصلے کرے گا۔ ہم صرف اس بارے میں سوچ رہے ہیں۔ کل کے کھیل پر توجہ مرکوز ہے۔‘
روہت شرما کی قیادت میں انڈین کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ سے کر رہی ہے۔
اس حوالے سے روہت شرما کا کہنا تھا کہ ’میں دباؤ کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا کیونکہ دباؤ مستقل ہے، میں اسے ایک چیلنج کے طور پر لینا چاہوں گا۔ یہ پاکستانی ٹیم بہت چیلنجنگ ٹیم ہے۔‘
یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ انڈیا کی ٹیم ایشیا کپ 2023 کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی 91 ویں سالانہ میٹنگ کے موقع پر بات کرتے ہوئے جے شاہ کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کھیلنے کے لیے انڈیا کی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ امکان موجود ہے کہ اگلے سال ہونے والا ایشیا کپ پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا۔
اس بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے خبردار کیا ہے کہ اس سے ورلڈ کپ کے انڈیا میں شیڈول میچز پر اثر پڑ سکتا ہے۔
اس کے بعد 27 اکتوبر کو انڈیا کا مقابلہ نیدرلینڈ سے ہوگا اور 30 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گا۔ اس کے اگلے دو میچ 2 نومبر کو بنگلہ دیش اور 6 نومبر کو زمبابوے کے خلاف ہوں گے۔