’یمن میں آئینی حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے‘
منگل 25 اکتوبر 2022 19:30
شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو یمنی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ’ یمن کے امن و استحکام کی تائید و حمایت سے متعلق سعودی عرب کا جو موقف کل تھا وہی آج ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ یہ موقف غیر متزلزل ہے‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو یمنی وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد عوض مبارک سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران یہ یقین دہانی کرائی ہے۔
دونوں ملکوں کے وزرا نے باہمی تعلقات، دونوں ملکوں اور ان کےعوام کے مفادات کے حصول میں معاون حکمت عملی اپنانےاور باہمی دلچسپی کےعلاقائی و بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے حضرموت میں الضبہ آئل پورٹ پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی پھر مذمت کی اور اسے دہشت گردانہ حملہ قرار دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ’ سعودی عرب کا دوٹوک موقف ہے کہ یمنی بھائیوں کی ملک کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے جوخواہشات ہیں وہ پوری ہوں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ’ یمن میں آئینی حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ جنگ بندی کے سمجھوتے میں توسیع اور یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا ساتھ دیتے رہیں گے۔‘