وزیراعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا احمد جواد مستعفی
جمعرات 27 اکتوبر 2022 19:38
روحان احمد، اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد روان سال کے شروع میں مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر اعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا احمد جواد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
احمد جواد نے اردو نیوز کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کردی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کے پیچھے وجوہات وہ کل بتائیں گے۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد روان سال کے شروع میں مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے۔
فروری میں اس وقت کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل احمد جواد نے شہباز شریف سے ملاقات کرکے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
بعد میں پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہونے کے بعد احمد جواد کو وزیراعظم کا فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا مقرر کر دیا گیا تھا۔
تحریک انصاف چھوڑنے سے پہلے احمد جواد نے پارٹی پالیسیوں کے خلاف آواز بھی اُٹھائی تھی اور وزیر اعظم کے قریبی ساتھیوں کو ہدفِ تنقید بنایا تھا۔ انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام بھی سامنے لانے کا اعلان کیا تھا۔