سعودی فنڈ کا کوموروس میں پانچ ملین ڈالر کا واٹر پراجیکٹ
ہفتہ 29 اکتوبر 2022 22:08
اس منصوبے سے 17 دیہات کے تقریباً 83 ہزار لوگوں کو فائدہ پہنچے گا(فوٹو ایس پی اے)
سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد نے کوموروس ( جزائر القمر) کے دارالحکومت مورونی میں پانچ ملین ڈالر کے پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس منصوبے سے 17 دیہات کے تقریباً 83 ہزار لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
منصوبے سے پانی اور خوراک کی سکیورٹی میں اضافہ ہو گا، بیماریوں اور وبائی امراض کی شرح میں کمی ہو گی اور پینے کے صاف پانی کے ذرائع تک رسائی میں سہولت ہو گی۔
منصوبے کا مقصد ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کرنا، پانی کے ٹینکوں کی بحالی اور تعمیر ہے۔ اس کے علاوہ دیہات میں ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کی تعمیر اور پانی کی تقسیم کے نیٹ ورک کے پانی کے ذرائع کو بہتر بنانا ہے۔
پانی کے منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں کوموروس کے توانائی، پانی اور ہائیڈرو کاربن کے وزیر علی ابراؤ، وزیر خزانہ اور بجٹ مازی عبدو اور کوموروس میں سعودی سفیر عطا اللہ الزاید نے شرکت کی۔
علی ابراؤ نے 1981 سے کوموروس میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے مملکت کی کوششوں کی تعریف کی جس سے ملک کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملی۔
سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ میں عرب ممالک کے آپریشنز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل بندر العبید نے کہا کہ ’یہ منصوبہ کوموروس میں پانی کے شعبے کو سپورٹ کرے گا‘۔
سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے 1981 سے کوموروس کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے کے لیے مملکت کی طرف سے 10 ملین ڈالر کی تین گرانٹس کے علاوہ 61 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے ترقیاتی قرضوں کے ذریعے چار ترقیاتی منصوبے فراہم کیے ہیں۔