امارات میں ہوم ورک کرانے کےلیے بچوں پر تشدد، ماں پر جرمانہ
الفجیرہ کی عدالت نے مقدمے کے اخراجات بھی ماں کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے( فائل فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں الفجیرہ کی پرائمری کورٹ نے ہوم ورک کرانے کے لیے چارجر سے بچوں کو زدوکوب کرنے والی ماں پر گیارہ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
ماں نے اپنے دونوں بچوں کو کلاس میں امتیازی پوزیشن لانے پر آمادہ کرنے کے لیے ہوم ورک میں کوتاہی پر زدوکوب کیا تھا۔
الامارات الیوم کے مطابق الفجیرہ سول کورٹ نے ماں کو حکم دیا کہ وہ 8 اور10 سالہ بچوں کے سرپرست (باپ) کو 20 ہزار درہم بطور ہرجانہ بھی ادا کرے۔
بچوں کے والد نے عدالت میں شکایت کی تھی کہ ہوم ورک کرانے کےلیے بچوں کو ان کی ماں نے چارجر سے زدو کوب کیا ہے۔
عدالت میں میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کے مطابق بچوں کی کمر، چہرے اور ٹانگوں پر مارپیٹ کے نشانات ہیں۔
پوچھ گچھ پرماں نے پولیس سٹیشن میں اعترافی بیان ریکارڈ کرایا تھا جس میں کلاس میں نمایاں کارکردگی کے لیے بچوں کو چارجر سے زدو کوب کرنے کااعتراف کیا گیا۔ یہی بیان عدالت میں بھی دہرایا تھا۔
الفجیرہ سول کورٹ نےکہا کہ’ قانون نے قید یا پانچ ہزار درہم تک جرمانے کی سزا مقرر کی ہوئی ہے۔ اعتراف کے بعد اسے گیارہ سو درہم جرمانے کی سزا سنائی گئی اور مقدمے کے اخراجات بھی ماں کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا‘۔