Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا سیمی فائنل: ’یہی ہے اقبال کا شاہین‘

شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل سڈنی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے 153 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا بڑا میچ پہلی ہی گیند سے سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر جنوبی افریقی امپائر مارائس ایروسمس نے فن ایلن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا تھا لیکن کیوی بیٹر کو ریویو نے بچا لیا۔
لیکن اسی اوور کی تیسری گیند پر دوبارہ فن ایلن ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور اس بار انہیں ریویو بھی نہ بچا سکا اور پھر سوشل میڈیا پر ہر طرف شاہین شاہ آفریدی کے نعرے لگتے ہوئے نظر آئے۔
آج پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کا یوم پیدائش بھی ہے تو ایسا کیسے ہوسکتا تھا کہ لوگوں کو اقبال کا شاہین یاد نہ آئے۔
کرکٹ تجزیہ کار ریحان الحق نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’یہی ہے اقبال کا شاہین۔‘
ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل منیجر ابو بکر عمر نے تمام ٹیموں کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا ’اقبال کے شاہین کے سامنے دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والا اوپنر نہ بھیجیں، یہی سبق ہے۔‘
شاہین شاہ آفریدی نے کین ولیمسن کو بھی اپنے دوسرے اسپیل میں بولڈ کیا تھا۔ انہوں نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
شاداب خان بھی اپنی بہترین فیلڈنگ کے سبب سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ انہوں نے گراؤنڈ میں اچھی فیلڈنگ کرتے ہوئے نہ صرف رنز بچائے بلکہ نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیون کونوے کو ڈائریکٹ ہٹ کے ذریعے رن آؤٹ بھی کیا۔
اویناش آرین نے شاداب خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’شاداب خان ایک تھری ڈی کھلاڑی ہیں۔‘
نہ صرف گراؤنڈ کے اندر بلکہ گراؤنڈ کے باہر بھی کرکٹ فینز شاداب خان کے نام کے پلے کارڈز لیے کھڑے نظر آئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ڈیرل مچل نے بنائے۔ انہوں نے 35 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔

شیئر: