Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

والدہ زندہ ہوتیں تو کہتیں بہت پتلے ہو گئے ہو، تھوڑا وزن بڑھاؤ: شاہ رخ خان

شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے والدین زندہ ہوتے تو ان پر فخر کرتے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کے کنگ خان کا کہنا ہے کہ اگر والدہ آج زندہ ہوتیں تو ان کی صحت سے متعلق بہت پریشان رہتیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں جب شاہ رخ خان سے ان کی کامیابیوں پر والدین کے تاثرات سے متعلق سوال کیا گیا تو کنگ خان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی والدہ زندہ ہوتیں تو سب سے پہلے تو یہ کہتیں ’تم بہت پتلے ہو گئے ہو۔ تھوڑا سا وزن بڑھا لو۔ کیسا تمہارا منہ ہو گیا ہے اندر اندر، تمہارے گال بھی اندر چلے گئے ہیں، تو تھوڑا سا کھا لو۔‘
بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے یہ بھی کہا کہ والدین کو ان کی ایک کامیابی پر ضرور فخر ہوتا۔
’میرے خیال میں میرے والد اور والدہ دونوں کو میری ایک کامیابی پر بہت زیادہ فخر ہوتا، اگر میں اسے کامیابی کہہ سکوں تو۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ان کو اس بات پر بہت زیادہ فخر ہوتا کہ جس طرح سے ہم نے اپنے تینوں بچوں کی پرورش کی ہے۔ میرے خیال میں وہ بہت زیادہ خوش ہوتے۔‘
شاہ رخ کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے، سب سے بڑے بیٹے آریان خان کی عمر 24 جبکہ بیٹی سوہانا خان 22 سال کی ہے۔
شاہ رخ خان کو بین الاقوامی سطح پر سینیما میں کردار ادا کرنے پر جمعے کو شارجہ میں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
کنگ خان نے حال ہی میں 2 نومبر کو اپنی 57 ویں سالگرہ منائی ہے اور اسی موقع پر ان کی فلم ’پٹھان‘ کا ٹیزر بھی جاری ہوا تھا۔
فلم ’پٹھان‘ اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہوگی جس میں دیپکا پاڈوکون نے ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے۔
یہ شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون کی چوتھی فلم ہے جس میں دونوں نے اکٹھے کام کیا ہے۔
دیپکا پاڈوکون نے 2007 میں اپنی پہلی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ’ہیپی نیو ایئر‘ اور ’چنائے ایکسپریس‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔

شیئر: