شہباز شریف کو عرفان پٹھان کا مشورہ پاکستانیوں کو پسند نہیں آیا، ’اتوار آ رہا ہے‘
عرفان پٹھان نے پاکستان کے وزیراعظم کی ٹویٹ پر جواب لکھتے ہوئے طنز کیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے ایک ٹویٹ میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے طنز کیا تو سوشل میڈیا صارفین نے اُن کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
سنیچر کو عرفان پٹھان نے پاکستانی وزیراعظم کی ایک ٹویٹ پر لکھا کہ ’آپ میں اور ہم میں یہی فرق ہے۔ ہم اپنی خوشی سے خوش اور آپ دوسرے کی تکلیف سے۔ اس لیے اپنے ملک کو بہتر بنانے پر دھیان نہیں ہے۔‘
پاکستان کے وزیراعظم نے انگلینڈ سے انڈیا کی شکست پر ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’اس اتوار 152 صفر اور 170 صفر مقابل تھے۔‘
شہباز شریف نے اس ٹویٹ میں انڈیا کی انگلش ٹیم کے ہاتھوں دس وکٹوں سے شکست کا ذکر کرتے ہوئے انڈین ٹیم کی گزشتہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان سے دس وکٹوں سے شکست کو بھی یاد دلایا تھا۔
عرفان پٹھان کو جواب دیتے ہوئے ایک پاکستانی صارف عامر خان نے لکھا کہ ’اتوار آ رہا ہے، غائب مت ہو جانا۔‘
مروہ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’عرفان بھائی عجیب انسان ہیں۔ مطلب گریس فُل ہو کر بھی ایسی حرکتیں۔‘

انڈین صارف وینشیکا سریواستو نے اس پر جواب دیا کہ ’آپ کا وزیراعظم بھی تو عجیب ہے۔ وہ چاہتا تو صرف انگلینڈ کو جیت پر مبارکباد دے سکتا تھا۔‘
شبانہ شوکت نے کہا کہ ’شہباز شریف نے تو بس یہ لکھا کہ پاکستان بھی دس وکٹوں سے جیتا اور اب انگلینڈ بھی۔ آپ کیوں اتنے ناراض ہو گئے؟‘
اس ٹویٹ میں سینکڑوں افراد نے دلچسپ میمز بھی شیئر کیے اور کوئی عرفان پٹھان کو اُن کی پرانی ٹویٹس یاد دلا رہا ہے اور کسی نے اُن کی حمایت میں پاکستانی صارفین پر طنز کیا ہے۔