ٹریفک چالان پر اعتراض داخل کرنے کا طریقہ کار کیا ہے؟
ٹریفک چالان پر اعتراض داخل کرنے کا طریقہ کار کیا ہے؟
اتوار 13 نومبر 2022 0:02
ابشر اکاونٹ کے ذریعے چالان کے بارے میں درست معلومات حاصل کی جائیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزی پر بیشتر چالان خودکار سسٹم کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔ چالان کی اطلاع گاڑی کے مالک کے موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔
بعض اوقات موبائل پر موصول ہونے والے پیغام میں جگہ کا تعین غلط ہو جاتا ہے۔ اس حوالے سے چالان پر اعتراض داخل کرانے سے قبل ضروری ہے کہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے چالان کے بارے میں درست معلومات حاصل کرلی جائیں۔
سعودی ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر پرایک صارف نے استفسار کیا ہے کہ ’جس شاہراہ پر میرا ڈیجیٹل چالان ہوا وہاں دور دور تک حد رفتار کے تعین کا کوئی آگاہی بورڈ نہیں ہے۔ چالان کے خلاف ڈیجیٹل اعتراض داخل کیا مگر وہ مسترد ہوگیا۔ اس حوالے سے معلوم کرنا ہے کہ قانونی طور پر اپنا اعتراض کس طرح ریکارڈ کروں؟‘
سوال کے جواب میں ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ’ کسی بھی خلاف ورزی پرہونے والے چالان پراعتراض دائرکرنے کےلیے ٹریفک پولیس کے ریجنل اداروں میں خصوصی شعبہ قائم ہیں جہاں درخواست دائرکی جاسکتی ہے‘۔
’چالان پراعتراض دائرکرنے کےلیے اپنے علاقے کے ٹریفک پولیس کے دفترسے رابطہ کرنے کے لیے وقت حاصل کریں۔ مقررہ وقت پرمتعلقہ دفتر سے رجوع کریں جہاں موجود اہلکار کو اپنے اعتراض کے بارے میں تفصیلی طور پرمطلع کریں جو قانونی طور پرمسئلے کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘۔
واضح رہے سعودی عرب میں تمام شاہراہوں پرٹریفک پولیس کی جانب سے حادثات کی روک تھام کےلیے خود کارسسٹم سے لیس انتہائی حساس کیمرے نصب کیے ہیں۔
یہ کیمرے تیز رفتار گاڑی کی فوری طورپرتصویر بنا کراسے کنٹرول روم میں ارسال کردیتے ہیں جہاں موجود اہلکار گاڑی کی نمبرپلیٹ کے ذریعے مالک کوچالان کی اطلاع بھیج دیتے ہیں۔
ٹریفک ضوابط کے مطابق مملکت میں تمام شاہراہوں پرحد رفتار کا تعین کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے لوگوں کو مطلع کرنے کےلیے ہرتھوڑے فاصلے پررفتار کی انتہائی حد کا تعین کرنے کے لیے آگاہی بورڈز بھی نصب کیے جاتے ہیں۔
نظام کے مطابق ایسی شاہراہیں جہاں خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کےلیے کیمروں پرمشتمل خود کارسسٹم نصب کیاجاتا ہے وہاں آگاہی بورڈز بھی لگائے جاتے ہیں جن میں بتایا جاتا ہے ہے کہ شاہراہ پرخلاف ورزی کوریکارڈ کرنے کے لیے کیمرے نصب ہیں۔
مملکت میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کےلیے ٹریفک قوانین کو سخت کیا گیا ہے جن کے بعد کافی حد تک حادثات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ٹریفک قوانین کے تحت سگنل کی خلاف ورزی پر 3 ہزار ریال چالان کیاجاتا ہے جبکہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر150 ریال اورغلط پارکنگ پر100 ریال کا چالان ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں روڈ پرٹریک تبدیل کرنے کےلیے ’اشارہ‘ دینا لازمی ہے اگربغیر اشارہ دیئے اورعقب میں آنے والی گاڑی کا فاصلہ دیکھے بغیر غیرمحتاط انداز میں ٹریک تبدیل کرنے پر 300 ریال جرمانہ مقرر ہے۔
ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے نصب خودکارسسٹم کے تحت ہونے والے چالانز کے بارے میں اگریہ یقین ہو کہ چالان غلط ہوا ہے اس صورت میں ان پراعتراض داخل کیاجاسکتا ہے۔
ٹریفک پولیس کے تمام اداروں میں چالان پراعتراض دائر کرنے کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد چالان پرفیصلہ کیاجاتا ہے۔ اگرچالان غلط ہوتو اسے سسٹم سے حذف کردیاجاتا ہے بصورت دیگرچالان کی رقم ادا کرنا ضروری ہوتا ہے۔