Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ 1992 کا فائنل نہیں 1999 کا فائنل میچ لگ رہا ہے‘

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 138 رنز کا ہدف دہا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
یوں تو ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوا اور اختتامی مراحل میں انگلینڈ کے حق میں ختم ہوا لیکن اس دوران ایک مقابلہ سوشل ٹائم لائنز پر بھی جاری رہا۔
سابق انڈین کرکٹر محمد کیف نے فائنل میچ پر اپنے تبصرے میں پاکستان اور انگلینڈ کو ’دو بہترین ٹیمیں‘ ماننے کے بجائے ’دو خوش قسمت ٹیمیں‘ کہا تو اسے سوال میں بدل کر خود کو بچانے کی کوشش کی لیکن ٹویپس کے نقدوطنز سے بچ نہ سکے۔

جواب میں بابراعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں ’خاموش رہنے اور بیٹھ جانے‘ کا کہا گیا۔

سیمی فائنل میں انگلش سائیڈ کے ہاتھوں ’انڈین ٹیم کی ’درگت‘ یاد دلاتتے ہوئے لکھا گیا کہ ’جی ہاں وہ قسمت ہی تھی جب ہیلز اور بٹلر نے انڈین بولرز کا دم گھونٹ دیا تھا۔‘

انڈین ٹویپ نے محمد کیف کے سوال کو غلط قرار دیا تو لکھا کہ ’ٹورنامنٹس میں ٹیمیں فائنل کی جانب بڑھتے ہوئے ماحول بناتی ہیں، شروع میں ہم نہیں جان سکتے کہ فائنل کھیلنے والی ٹیمیں بہتر تھیں۔ اس کے لیے اختتام یا اس کے بعد کا انتظار کرنا چاہیے۔‘

میچ کی صورتحال دیکھر کر انڈین کرکٹ فینز کا طنز بڑھا تو جواب میں پاکستانی ٹائم لائنز سے یاد دلایا گیا کہ ’انڈیا دس وکٹوں سے ہارا تھا ہم نے ایک آؤٹ کر لیا ہے۔‘

یہ وہ موقع تھا جب شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز کی وکٹ حاصل کی تھی۔

اگلے چند اوورز میں حارث رؤف نے پہلے فل سالٹ اور پھر جوز بٹلر کو آؤٹ کیا تو تھکن اور مایوسی کا شکار ہوتی پاکستانی ٹائم لائنز ایک مرتبہ پھر انگڑائی لے کر بیدار ہوئیں۔
فائنل میچ کے موقع پر سٹیڈیم میں پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد دیکھ کر انڈین کمنٹیٹر روی شاستری نے اسے ’سبز سمندر‘ کہا تو ٹویپس اس اصطلاح کے استعمال سے خاصے محظوظ ہوئے۔

انڈین ٹویپس کو اپنے دیس سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کمنٹینٹرز کے پاکستان کے حق میں کیے گئے تبصرے نہ بھائے تو شکوہ کیا کہ ’پاکستان کے حق میں جانبدارانہ کمنٹری کیوں کر رہے ہیں۔‘

انگلینڈ کے حق میں نتیجہ آنے کے بعد متعدد پاکستانی ٹویپس نے انگلش ٹیم کو عمدہ کھیل پر مبارکباد دی تو پاکستانی ٹیم کو بھی بہتر تفریح فراہم کرنے پر سراہا۔

میچ کے دوران اور میچ سے قبل صارفین کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل اور 1992 ورلڈ کپ کے فائنل میں مماثلت ڈھونڈنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
اسی حوالے سے ایک ٹویٹ میں جواد نامی صارف نے پاکستانی بیٹرز کی کارکردگی پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ 1992 کا فائنل نہیں 1999 کا فائنل میچ لگ رہا ہے۔‘

خیال رہے 1999 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستانی سائیڈ نے 137 رنز بنائے تھے۔ جواب میں انگلش کرکٹ ٹیم نے اختتامی لمحات میں ہدف حاصل کر کے دوسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔

شیئر: